راولپنڈی، 8 سا؛پ طالبہ کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے والے اسکول چوکیدار کے خلاف مقدمہ درج

واقعے کی چھان بین کے لیے اسکول پہنچنے پر بچی نے مبینہ طور پر چوکیدار کی شناخت بھی کرلی

راولپنڈی:

تھانہ دھمیال کے علاقے گرجا روڈ پر واقع نجی اسکول میں 8 سالہ طالبہ سے مبینہ ہراسانی اور نازیبا حرکات کے الزام میں پولیس نے چوکیدار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق بچی گزشتہ چند روز سے سہمی ہوئی تھی اور کھانا بھی ٹھیک سے نہیں کھا رہی تھی جبکہ اسکول جانے کا کہا جاتا تو رونے لگتی تھی۔

والد کے مطابق بچی کو پیار سے پوچھنے پر اس نے بتایا کہ اسکول کا چوکیدار رفیق اسے بریک ٹائم کے دوران دوسری منزل پر واقع کچن میں لے گیا جہاں اس کے ساتھ مبینہ طور پر نامناسب حرکات کی گئیں۔

ایف آئی آر کے مطابق والدین نے بچی کے کپڑے چیک کیے تو ان پر مبینہ طور پر داغ موجود تھے۔ واقعے کی چھان بین کے لیے اسکول پہنچنے پر بچی نے مبینہ طور پر چوکیدار کی شناخت بھی کرلی۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ الزام کی مزید تصدیق تفتیش کے دوران کی جائے گی۔