کراچی، شہر میں 2 پولیس مقابلوں میں 4 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
فوٹو: فائل
شہر کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 4 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے جن کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکل، موبائل فون اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق خواجہ اجمیر نگری کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ملزمان کاشف میاں ولد یونس میاں اور عامر اشرف ولد محمد اشرف کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
ملزمان کے قبضے سے 2 عدد 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن، 2 موبائل فون، ایک موٹر سائیکل اور نقد رقم برآمد ہوئی۔
پولیس نے زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا جبکہ ان کے خلاف ضابطے کے مطابق مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب ڈیفنس فیز 8 میں بھی مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت گیڈین عرف جے ڈی ولد فرانسس اور پیٹر عرف چائنا ولد لازر کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 30 بور پستول، 7 گولیاں، چھینا گیا ایپل لیپ ٹاپ، ایئر پوڈز، پرس، واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور فوڈ پانڈا بیگ برآمد کیا گیا۔
دونوں واقعات میں گرفتار زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پولیس نے مقدمات درج کرکے ملزمان سے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔