پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کے سگریٹ اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف

حکام کی جانب سے فلائنگ ڈیوٹی سگریٹ لے جانے پر نئی پابندی عائد کر دی گئی

فوٹو: فائل

لاہور:

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے فضائی میزبانوں کے سگریٹ اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد دورانِ فلائنگ ڈیوٹی سگریٹ لے جانے پر نئی پابندی عائد کر دی گئی۔

پی آئی اے کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق فضائی میزبان دورانِ فلائنگ ڈیوٹی صرف ایک سگریٹ پیکٹ یعنی 20 سگریٹ اپنے ساتھ لے جا سکیں گے، ایک پیکٹ یا 20 سگریٹ سے زیادہ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ حد سے زیادہ سگریٹ لے جانے والے فضائی میزبانوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی پر انہیں معطل کرنے یا فلائنگ ڈیوٹی سے ہٹانے کی کارروائی بھی ہوسکتی ہے۔

پی آئی اے نے فضائی میزبانوں کو روانگی سے قبل ہونے والی بریفنگ میں نئی ہدایات سے آگاہ کرنے اور ان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق چند روز قبل ملتان سے جدہ جانے والی پرواز کے پانچ فضائی میزبانوں سے بڑی تعداد میں سگریٹ کے پیکٹ برآمد ہوئے تھے۔ واقعے پر پانچوں فضائی میزبانوں کے خلاف پی آئی اے کے شعبہ ہیومن ریسورسز میں تحقیقات جاری ہیں۔

Load Next Story