میچ میں عراق کی فتح کے بعد عراقی اور کویتی کھلاڑیوں میں ہاتھا پائی

میچ میں عراق نے کویت کو 3-2 سے شکست دی

جدہ میں جاری 27ویں عربین گلف کپ کے میچ میں عراق اور کویت کے کھلاڑیوں کے درمیان میچ ختم ہونے کے بعد تلخ کلامی اور ہاتھا پائی ہوگئی۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے کو دھکے دیتے رہے جبکہ ساتھی کھلاڑیوں اور آفیشلز نے مداخلت کرکے صورتحال کو قابو کیا۔

میچ میں عراق نے کویت کو 3-2 سے شکست دی۔ عراق کی جانب سے زیدان اقبال نے 52ویں منٹ میں گول کیا جس کے بعد کویت کے یوسف ناصر نے 75ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ سیف رشید نے 83ویں منٹ میں عراق کو دوبارہ برتری دلائی، تاہم یوسف ناصر نے 90ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کرکے اسکور 2-2 کردیا۔

کویت کے عبدالوہاب العواضی کو انجری ٹائم میں ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔ اس کے چند لمحوں بعد کرار نبیل نے اضافی وقت میں شاندار گول کرکے عراق کو فتح دلادی۔

میچ کے بعد کھلاڑی میدان سے باہر جا رہے تھے کہ دونوں ٹیموں کے چند کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جو بعد میں دھکم پیل میں تبدیل ہوگیا۔

https://x.com/1SMi_/status/2103909679227167029?s=20

عراق کے ایمن حسین نے ابتدائی طور پر کویت کے کپتان یوسف ناصر اور عراق کے زیدان اقبال کے درمیان معاملہ ختم کرانے کی کوشش کی، تاہم صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔

اس فتح کے بعد عراق کے دو میچوں میں 4 پوائنٹس ہوگئے جبکہ کویت دونوں میچز ہار کر تاحال کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکا۔

Load Next Story