راولپنڈی میں غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپے میں 61 ملزمان گرفتار

ملزمان کے قبضے سے 71 موبائل فونز اور 155 لیپ ٹاپس برآمد

راولپنڈی:

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی راولپنڈی سرکل نے غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 61 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

حکام کے مطابق این سی سی آئی اے کو خفیہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ راولپنڈی کے علاقے کمرشل مارکیٹ، سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایک غیر قانونی کال سینٹر قائم ہے جہاں سے بیرونِ ملک شہریوں کو غیر قانونی قرضوں کی وصولی کے نام پر ڈرا دھمکا کر ہراساں کیا جا رہا ہے۔

 اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹیم تشکیل دے کر چھاپہ مار کر 61 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 71 موبائل فونز اور 155 لیپ ٹاپس برآمد کر لیے گئے، تمام ڈیجیٹل آلات اور ڈیٹا کو فرانزک تجزیے کے لیے قبضے میں لیا گیا ہے،  ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش اور تکنیکی تجزیہ جاری ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان جعلی ریکوری ایجنٹس بن کر غیر ملکی شہریوں کو دھمکیاں دے کر رقوم بٹورتے تھے جس سے نہ صرف شہریوں کو شدید ذہنی اذیت پہنچ رہی تھی بلکہ ملک کی ساکھ بھی متاثر ہو رہی تھی۔

اس موقع پر ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی کال سینٹرز ملک کی ساکھ اور عوام کے اعتماد کے لیے بڑا خطرہ ہیں، غیر قانونی کال سینٹرز اور سائبر فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز اور بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Load Next Story