ایشین گیمز: مریم کریم نے متحدہ عرب امارات کو پہلا گولڈ میڈل دِلا دیا
متحدہ عرب امارات کی 18 سالہ ایتھلیٹ مریم کریم نے 2026 ایشین گیمز میں خواتین کی 400 میٹر ہرڈلز میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کو کھیلوں کے موجودہ ایڈیشن کا پہلا طلائی تمغہ دِلادیا۔
ناگویا میں ہونے والے فائنل میں مریم کریم نے 54.31 سیکنڈز میں ریس مکمل کی جو ایشین گیمز کا نیا ریکارڈ ہے۔ انہوں نے فائنل سے قبل 55.14 سیکنڈز کے ذاتی ریکارڈ کے ساتھ سب سے تیز کوالیفائی کیا تھا اور فائنل میں تقریباً ایک سیکنڈ کی بہتری کے ساتھ نیا ریکارڈ قائم کیا۔
قازقستان کی ایڈلینا زیمز نے 54.58 سیکنڈز کے ساتھ چاندی جبکہ بھارت کی ویتھیا رام راج نے 54.75 سیکنڈز کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ ویتھیا نے کانسی کے ساتھ پی ٹی اوشا کا 1984 لاس اینجلس اولمپکس میں قائم کردہ قومی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
مریم کریم نے 400 میٹر ہرڈلز میں ایشین گیمز کا سابقہ ریکارڈ بھی توڑ دیا جو بحرین کی کیمی اڈیکویا نے 2023 کے ہانگژو ایشین گیمز میں قائم کیا تھا۔
2008 میں پیدا ہونے والی مریم کریم ایشین چیمپئن شپ میں بھی حصہ لے چکی ہیں جبکہ ورلڈ انڈر 20 چیمپئن شپ میں ٹاپ 8 تک رسائی حاصل کرچکی ہیں۔ اگست میں انہوں نے 56.27 سیکنڈز کے ساتھ متحدہ عرب امارات کا انڈر 20 قومی ریکارڈ بھی قائم کیا تھا۔