بچوں پر چیخنے سے تربیت کے مسئلے کے ساتھ صحت بھی متاثر ہوسکتی ہے

بچوں پر مسلسل چیخنا، ان کی تضحیک کرنا یا زبانی دھمکیاں دینا ان کی ذہنی اور جسمانی نشوونما کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے

گھروں میں بچوں کی شرارت یا نافرمانی پر والدین کا آواز بلند کرنا عام رویہ سمجھا جاتا ہے، تاہم ایک تحقیق نے اس عادت کے ممکنہ منفی اثرات کی جانب توجہ دلائی ہے۔

تحقیق کے مطابق بچوں پر مسلسل چیخنا، ان کی تضحیک کرنا یا زبانی دھمکیاں دینا ان کی ذہنی اور جسمانی نشوونما کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔

جریدے ’چائلڈ ایبیوز اینڈ نیگلیکٹ‘ میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں اس موضوع پر پہلے سے موجود سائنسی لٹریچر کا جائزہ لیا گیا اور 166 سابقہ مطالعات کو تجزیے میں شامل کیا گیا۔

محققین کے مطابق بچوں کے ساتھ بدسلوکی کو عمومی طور پر چار بنیادی اقسام میں تقسیم کیا جاتا ہے، جن میں جسمانی استحصال، جنسی استحصال، جذباتی استحصال اور غفلت شامل ہیں۔ زبانی بدسلوکی جذباتی استحصال ہی کی ایک شکل سمجھی جاتی ہے۔

نارتھ کیرولائنا کی ونگیٹ یونیورسٹی اور یونیورسٹی کالج لندن سے وابستہ محققین کے مطابق بچوں کے ساتھ زبانی بدسلوکی کو ایک انتہائی نقصان دہ رویے کے طور پر دیکھنے اور اس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

یہ تحقیق برطانوی خیراتی ادارے ’’ورڈز میٹر‘‘ کی جانب سے کی گئی، جس کا بنیادی مقصد بچوں کے ساتھ زبانی بدسلوکی کے خاتمے کے ذریعے ان کی صحت اور بہبود کو بہتر بنانا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ بچپن میں زبانی بدسلوکی کے اثرات مختلف شکلوں میں سامنے آسکتے ہیں۔ ان میں ڈپریشن اور غصے جیسی ذہنی پریشانیاں شامل ہیں، جبکہ بعض صورتوں میں بیرونی رویوں میں بھی تبدیلی دیکھی جاسکتی ہے، جن میں جرائم کی طرف مائل ہونا، منشیات کا استعمال یا دوسروں کے ساتھ بدسلوکی جیسے رویے شامل ہیں۔ تحقیق میں جسمانی صحت سے متعلق ممکنہ اثرات، جن میں موٹاپا اور پھیپھڑوں کی بیماری کا بڑھتا ہوا خطرہ بھی شامل ہے، کی نشاندہی کی گئی۔

ورڈز میٹر کی ویب سائٹ پر موجود رہنمائی میں بالغ افراد کو مشورہ دیا گیا ہے کہ بچوں سے بات کرتے ہوئے چیخنے، توہین کرنے، گالیاں دینے یا انہیں تکلیف دہ اور عجیب ناموں سے پکارنے سے گریز کیا جائے۔ اس کے علاوہ والدین اور دیگر بالغوں کو بات کرنے سے پہلے اپنے الفاظ پر غور کرنے اور اگر کوئی تکلیف دہ بات کہہ دی جائے تو بچے کے ساتھ تعلق بہتر بنانے کے لیے وقت نکالنے کی ترغیب دی گئی ہے۔

آسٹن کی یونیورسٹی آف ٹیکساس میں ہیومن ڈیولپمنٹ اینڈ فیملی سائنسز کی پروفیسر اور والدین کے نظم و ضبط پر تحقیق کرنے والی الزبتھ گرشوف نے 2019 میں سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بچوں پر چیخنے کے حوالے سے بنیادی اصول یہ ہونا چاہیے کہ ایسا کرتے ہوئے بچے کی شخصیت پر تنقید نہ کی جائے۔

Load Next Story