اردن سے ڈرون کے ذریعے 10 بندوقیں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی؛ اسرائیلی فوج
اردن سے ڈرون کے ذریعے اسرائیل میں 10 بندوقیں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام (فوٹو؛ اسرائیلی میڈیا)
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اردن سے ڈرون کے ذریعے اسرائیل میں 10 بندوقیں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
اسرائیلی فوج کے مطابق یہ کارروائی پیر کی شب اردن کی سرحد کے قریب کی گئی، جہاں نگرانی کے کیمروں اور اسرائیلی فضائیہ کے ایئر ٹریفک کنٹرول نظام نے ایک ڈرون کو سرحد عبور کرتے ہوئے پکڑا۔
فوج کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقے کی نگرانی پر مامور یوآف ریجنل بریگیڈ کے اہلکاروں کو فوری طور پر مشتبہ مقام پر بھیجا گیا جہاں انہوں نے ڈرون تلاش کرلیا۔
اسرائیلی فوج کے بقول ڈرون میں 9 کلاشنکوف اسالٹ رائفلیں، ان کے میگزین اور ایک پستول موجود تھا۔ اہلکاروں نے ہتھیاروں اور ڈرون کو قبضے میں لے کر مزید تحقیقات کے لیے پولیس کے حوالے کردیا۔
اسرائیلی فوج نے مزید بتایا کہ اردن اور مصر کی سرحدوں سے ڈرون کے ذریعے اسرائیل میں ہتھیار اور بعض اوقات منشیات اسمگل کرنے کی کوششیں حالیہ برسوں میں بارہا سامنے آتی رہی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی سیکیورٹی ادارے سرحدی علاقوں میں ڈرونز کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے نگرانی کے کیمروں اور فضائی نگرانی کے نظام سے مدد لیتے ہیں۔
تازہ واقعے میں بھی اسی نگرانی کے نتیجے میں ڈرون کا سرحد عبور کرنا معلوم ہوا اور اسے زمین پر موجود فوجی اہلکاروں نے تلاش کرکے قبضے میں لے لیا۔
حکام نے واقعے میں ملوث افراد یا ڈرون آپریٹرز کی گرفتاری سے متعلق فوری طور پر کوئی تفصیل جاری نہیں کی۔