مقابلہ حسن جیتنے والی بھارتی انفلوئنسر کی پراسرار موت، تحقیقات جاری

’مس پریٹی انڈیا 2024‘ کی فاتح نِدھی تیواری 30 برس کی عمر میں اچانک انتقال کرگئیں

بھارتی سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ’مس پریٹی انڈیا 2024‘ کی فاتح نِدھی تیواری 30 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ ماڈلنگ اور اداکاری میں کیریئر بنانے کے لیے سرگرم تھیں اور فیس بک و انسٹاگرام پر مجموعی طور پر تقریباً 16 لاکھ افراد انہیں فالو کرتے تھے۔

مدھیہ پردیش کے ضلع سنگرولی سے تعلق رکھنے والی نِدھی ہفتے کے روز بھوسا موڑ کے علاقے میں واقع اپنے گھر میں مردہ پائی گئیں۔ اہل خانہ انہیں فوری طور پر اسپتال لے گئے، تاہم ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔ پولیس نے واقعے کی وجوہات اور حالات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق نِدھی کے فیس بک پر تقریباً 9 لاکھ اور انسٹاگرام پر تقریباً 7 لاکھ فالوورز تھے۔ ان کی پوسٹس پر ہزاروں ردعمل آتے تھے جبکہ بعض ویڈیوز کو لاکھوں مرتبہ دیکھا گیا۔ ان کی سوشل میڈیا مقبولیت نے انہیں وِندھیا خطے کی نمایاں ڈیجیٹل شخصیات میں شامل کردیا تھا۔

2024 میں ’مس پریٹی انڈیا‘ کا ٹائٹل جیتنے کے بعد نِدھی کی شہرت ان کے آبائی علاقے سے باہر بھی پھیل گئی تھی۔ وہ ماڈلنگ، تقریبات اور ڈیجیٹل مواد کے ذریعے تفریحی صنعت میں آگے بڑھنے کی کوشش کررہی تھیں اور اداکاری و فلمی دنیا میں قدم رکھنے کی خواہش رکھتی تھیں۔

نِدھی کی موت سے قبل کے حالات بھی پولیس کی تفتیش کا حصہ ہیں۔ ان کے اہل خانہ نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ہفتے کی شام وہ فون پر کسی سے بات کررہی تھیں۔ پولیس نے تاہم واضح کیا ہے کہ اس گفتگو یا کسی اور واقعے کو ان کی موت کی وجہ قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔

تحقیقاتی ٹیم نِدھی کے فون کال ریکارڈ، ڈیجیٹل سرگرمیوں اور دیگر شواہد کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ موت سے پہلے پیش آنے والے واقعات کی مکمل تصویر سامنے آسکے۔ موروا تھانے کے انچارج ڈاکٹر گیانیندر سنگھ کے مطابق پولیس اہل خانہ، جاننے والوں اور نِدھی سے وابستہ دیگر افراد سے بھی معلومات حاصل کررہی ہے۔

نِدھی کی موت کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے فالوورز کی جانب سے بھی افسوس اور تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس کی تحقیقات مکمل ہونے تک موت کے محرکات سے متعلق حتمی نتیجہ سامنے نہیں آیا ہے۔

Load Next Story