ٹریفک ای چالان اور جرمانے اب بجلی کے بل میں لگ کر آئیں گے؟ پریشان کن ترکیب زیر غور
بھارتی سپریم کورٹ میں ای چالان کی وصولی بجلی بلوں میں کرنے کی تجویز (اے آئی سے بنوائی گئی تصوراتی تصویر)
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر واجب الادا ای چالان کی رقم وصول کرنے کے لیے ایک انوکھا طریقہ زیرِ غور آیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ دلچسپ تجویز بھارت کی سپریم کورٹ نے دی ہے کہ نادہندگان کے ٹریفک جرمانے بجلی کے بل کے ساتھ وصول کرنے کے لیے نظام بنایا جائے۔
عدالت نے زیرِ التوا چالان رکھنے والی گاڑیوں کے رجسٹریشن کی تجدید روکنے، ملکیت کی منتقلی پر پابندی، گاڑی کو ٹرانسپورٹ پورٹل پر بلیک لسٹ کرنے اور فٹنس و پی یو سی سرٹیفکیٹ روکنے جیسے اقدامات بھی زیرِ غور لانے کی تجویز بھی دی۔
اس کے علاوہ ایسے گاڑی مالکان کے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید روکنے، پہلے سے جاری لائسنس معطل کرنے اور اچانک چیکنگ کے دوران جرمانہ ادا نہ ہونے کی صورت میں گاڑی ضبط کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی۔
یہ تجاویز بھارتی سپریم کورٹ میں ٹریفک قوانین کی ڈیجیٹل نگرانی اور زیرِ التوا جرمانوں کی وصولی سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران بھارتی سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے دیں۔
بھارتی سپریم کورٹ کے ججز نے تجاویز پیش کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ٹریفک کے اتنی بڑی تعداد میں چالان جاری کرنا کافی نہیں اصل مسئلہ جرمانوں کی رقم کی وصولی ہے۔
سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ بھارت کی ریاستوں اور یونین ٹیریٹریز میں تقریباً 45 ہزار کروڑ بھارتی روپے کے ای چالان واجب الادا ہیں جن میں سے تقریباً 25 ہزار کروڑ روپے وصول کیے جاچکے ہیں۔