نتن یاہو کا خفیہ دورۂ امارات، خبر نشر کرنے پر اسرائیلی ٹی وی چینل کے خلاف کارروائی

شن بیٹ نے چینل 12 کے خلاف ’’سنگین سنسرشپ خلاف ورزی‘‘ پر قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ہے

تل ابیب: اسرائیل کے داخلی سکیورٹی ادارے شن بیٹ نے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے متحدہ عرب امارات کے خفیہ دورے کی خبر نشر کرنے پر اسرائیلی ٹی وی چینل 12 کے خلاف فوجی سنسر کے سربراہ کو شکایت کردی ہے۔

نیتن یاہو کے دفتر کے مطابق شن بیٹ نے چینل 12 کے خلاف ’’سنگین سنسرشپ خلاف ورزی‘‘ پر قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ چینل 12 اور دیگر اسرائیلی میڈیا اداروں نے اتوار کو رپورٹ کیا تھا کہ نیتن یاہو نے ابوظہبی کا دورہ کیا اور اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی۔

ابتدائی طور پر اسرائیلی حکومت نے دورے کی منزل کا نام نہیں لیا تھا، تاہم بعد میں اماراتی سرکاری خبر رساں ادارے وام اور نیتن یاہو کے دفتر نے ملاقات کی تصدیق کردی۔ رائٹرز کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور علاقائی صورتحال، خصوصاً ایران سے متعلق معاملات، پر گفتگو ہوئی۔

اسرائیلی سکیورٹی ادارے کا مؤقف ہے کہ چینل 12 نے خبر اس وقت نشر کی جب نتن یاہو کا طیارہ ابھی اسرائیلی حدود سے باہر تھا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق طیارہ تقریباً ایک گھنٹے بعد اسرائیل میں اترا۔ شن بیٹ نے کہا کہ خبر کے وقت اور اس میں دی گئی معلومات سے وزیر اعظم، ان کی اہلیہ اور وفد کی سکیورٹی کو خطرہ لاحق ہوا اور مستقبل کی خفیہ کارروائیوں کے طریقۂ کار بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو کے ساتھ اعلیٰ سکیورٹی حکام بھی موجود تھے، جن میں موساد کے سربراہ اور قومی سلامتی سے متعلق حکام شامل تھے۔ موساد نے بھی اس خبر کے نشر ہونے پر سکیورٹی خدشات کا اظہار کیا ہے۔

یہ دورہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی میڈیا میں یہ رپورٹ بھی زیر بحث ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر نے 2023 میں حماس کے 7 اکتوبر کے حملے سے قبل نیتن یاہو کو ممکنہ حملے کے بارے میں خبردار کیا تھا۔ نیتن یاہو نے اس رپورٹ کی تردید کی ہے، جبکہ حالیہ ابوظہبی ملاقات کے بارے میں میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر بھی بات ہوئی۔

اسرائیل اور متحدہ عرب امارات نے 2020 میں امریکا کی ثالثی میں ابراہیم معاہدوں کے تحت باضابطہ سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔ حالیہ ملاقات دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی رابطوں کے تسلسل کے طور پر سامنے آئی ہے۔

Load Next Story