سندھ ہائیکورٹ نے افغان میڈیکل طلباء کو کلاسز لینے سے روکنے کا حکم معطل کردیا
فوٹو: فائل
سندھ ہائیکورٹ نے افغان میڈیکل طلباء کو کلاسز لینے سے روکنے کا حکم معطل کردیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں افغان میڈیکل طلباء کو ملک بدر کئے جانے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
پی ایم ڈی سی کے وکیل نے عدالت میں موقف اپنایا کہ ہمیں درخواست کی نقول فراہم نہیں کی گئیں جس پر عدالت نے پی ایم ڈی سی کے وکیل کو درخواستوں کی نقول فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
وکیل افتخار شاہ ایڈووکیٹ نے عدالت میں موقف اپنایا کہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے افغان طلباء کو کلاسز لینے سے روک دیا ہے، افغان طلباء کی بائیو میٹرک رسائی بھی ختم کردی گئی ہے۔
وکیل نے بتایا کہ افغان طلباء کو ہاسٹل سے بھی بے دخل کیا جارہا ہے حالانکہ عدالت نے افغان طلباء کو بے دخل کرنے سے روکا ہوا ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت تک افغان طلباء کی تعلیم میں رکاوٹ نا ڈالی جائے، عدالت نے افغان طلباء کی بائیو میٹرک رسائی بحال کرنے کا بھی حکم دے دیا۔
عدالت نے پی ایم ڈی سی کے جواب جمع ہونے تک درخواستوں کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔