ایشین گیمز: مینجمنٹ کی سنگین غلطی، پاکستان ٹیم کو غلط وینیو پر پہنچا دیا گیا
ایچی ناگویا گیمز کے منتظمین نے پاکستان کی والی بال ٹیم کو میچ کے لیے غلط مقام پر پہنچانے پر معذرت کرلی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرانسپورٹ کی غلطی کے باعث پاکستان کی ٹیم ازبکستان کے خلاف پول اے کے میچ سے قبل مقررہ وینیو کے بجائے دوسرے مقام پر پہنچ گئی جس کے نتیجے میں میچ کا آغاز بھی تاخیر کا شکار ہوا۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان مراد جہاں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انتظامی معاملات پر تحفظات کا اظہار کیا اور اسے ایک اور بدانتظامی قرار دیا۔
منتظمین کے ترجمان کے مطابق پاکستان کی ٹیم کو اوکازاکی جانا تھا تاہم بس ڈرائیور انہیں انویا لے گیا، جہاں پریکٹس وینیو موجود تھا۔
بعد ازاں راستہ درست کیا گیا اور ٹیم کو اوکازاکی پہنچایا گیا جس کے بعد مقابلے کا وقت آگے کردیا گیا۔
منتظمین نے پاکستان کے ساتھ ساتھ جنوبی کوریا کی ٹیم سے بھی معذرت کی جسے غلط مقام پر پہنچنے کے باعث پریکٹس سیشن سے محروم ہونا پڑا۔
تاخیر اور مشکلات کے باوجود پاکستان نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ازبکستان کو 0-3 سے شکست دی اور مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
گیمز کے دوران ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے مسائل پر منتظمین پہلے بھی معذرت کرچکے ہیں۔