آئی ایل ٹی ٹوئنٹی: بابر اعظم، فخر زمان سمیت کئی بڑے اسٹارز نیلامی میں شامل
ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی (آئی ایل ٹی ٹوئنٹی)کے پانچویں سیزن کی پلیئرز آکشن لسٹ جاری کردی گئی ہے جس میں پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم سمیت کئی عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیلامی یکم اکتوبر کو دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں ہوگی جس میں 23 ممالک کے 200 سے زائد کرکٹرز حصہ لیں گے۔
کھلاڑیوں کو 80 ہزار، 40 ہزار اور 10 ہزار امریکی ڈالر کی بنیادی قیمت کے تین گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
80 ہزار ڈالر والے سب سے بڑے گروپ میں بابر اعظم کے علاوہ فل سالٹ، ٹام بینٹن، رحمان اللہ گرباز، وانندو ہسارنگا، فاف ڈو پلیسی، لیام لیونگ اسٹون، الزاری جوزف، فخر زمان، نسیم شاہ، معین علی، جونی بیئرسٹو، ایلیکس ہیلز اور کرس ووکس جیسے نام شامل ہیں۔
10 ہزار ڈالر کی کیٹیگری میں ریزا ہینڈرکس، مہدی حسن میراز، جارج منسی، ایش سودھی اور میتھیو پوٹس شامل ہیں۔
متحدہ عرب امارات، کویت اور سعودی عرب کے تمام کھلاڑی 10 ہزار ڈالر کی بنیادی قیمت سے نیلامی میں شامل ہوں گے۔
ٹیموں کو یو اے ای کے کسی ایک سابق کھلاڑی پر رائٹ ٹو میچ کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔
ہر فرنچائز کو کم از کم 18 اور زیادہ سے زیادہ 23 کھلاڑیوں کا اسکواڈ مکمل کرنا ہوگا۔
ہر میچ کی پلیئنگ الیون میں کم از کم دو یو اے ای، دو افغان اور ایک مزید ایسوسی ایٹ ملک کا کھلاڑی شامل کرنا لازمی ہوگا۔
نیلامی کے لیے ہر ٹیم کے پاس مختلف مالی وسائل مختص کیے گئے ہیں جن میں ایم آئی ایمریٹس سب سے بڑے پرس کے ساتھ میدان میں اترے گی۔