سینئر وکیل رہنماء احسن بھون کا کیپٹن (ر) صفدر کو 5 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس

میری ڈگری بالکل اصل ہے سات دن کے اندر معافی مانگیں ورنہ قانونی کارروائی کا سامنا کریں، احسن بھون

اسلام آباد:

سینئر وکیل رہنماء احسن بھون نے کیپٹن (ر) صفدر کو 5 ارب روپے کا ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا جس میں کہا گیا ہے کہ میری ڈگری بالکل اصل ہے آپ سات دن کے اندر معافی مانگیں ورنہ قانونی کارروائی کا سامنا کریں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق احسن بھون نے ہرجانے کا نوٹس لاہور میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بھجوایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ احسن بھون نے  مارچ 1989ء میں پنجاب یونیورسٹی سے بیچلر آف لاز (LL.B.) کی ڈگری رول نمبر 828 کے تحت حاصل کی، احسن بھون کے پاس یہ ڈگری باقاعدہ طور پر موجود ہے، ان کی تعلیمی قابلیت کی حال ہی میں پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے باضابطہ تصدیق کی گئی۔

متن میں کہا گیا ہے کہ یہ تصدیق پاکستان بار کونسل کے انتخابات میں ان کی امیدواری کے سلسلے میں، دیگر تمام امیدواروں کے ساتھ، مقررہ پالیسی کے تحت کی گئی، پاکستان بار کونسل کی جانب سے موصولہ مراسلے کی روشنی میں، پنجاب یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات نے متعلقہ سرکاری ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد واضح طور پر ان کی تعلیمی اسناد کو تصدیق شدہ قرار دیا، اہم بات یہ ہے کہ یہ تصدیق 21 جنوری 2026ء کو کی گئی، جس سے احسن بھون کی اسی ادارے، یعنی پنجاب یونیورسٹی، جہاں سے انہوں نے قانون کی ڈگری حاصل کی۔

متن میں کہا گیا ہے کہ احسن بھون  کے کلاس/بیچ کے ساتھیوں میں ایسے افراد شامل ہیں جو اس وقت جج ہیں یا سابق جج رہ چکے ہیں، جبکہ بعض سینئر وکلاء بھی ہیں، پنجاب یونیورسٹی احسن بھون کی ایل ایل بی ڈگری تصدیق شدہ قرار دے چکی ہے: ​ کیپٹن (ر) صفدر 7 روز میں غیر مشروط معافی مانگیں اور الزامات واپس لیں، ​معافی نہ مانگنے کی صورت میں سول اور فوج داری قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔

Load Next Story