نئے انکم ٹیکس ریٹرن فارم پر تحفظات، کراچی ٹیکس بار کا ایف بی آر سے تاریخ میں توسیع کا مطالبہ

ایف بی آر نے ٹیکس ریٹرن فارم بھی تاخیر سے 2 ستمبر کو جاری کیا، کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن کا خط

کراچی:

نئے انکم ٹیکس ریٹرن فارم اور آئی آر آئی ایس پورٹل میں درپیش مسائل پر کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے ایف بی آر سے ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع اور تکنیکی مسائل فوری حل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ایف بی آر کو ارسال کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ آئی آر آئی ایس پورٹل خراب اور سست روی کا شکار ہونے کے باعث ٹیکس دہندگان بروقت ریٹرن جمع نہیں کروا پا رہے، جبکہ ایف بی آر نے ٹیکس ریٹرن فارم بھی تاخیر سے 2 ستمبر کو جاری کیا۔

خط میں کہا گیا کہ نئے ٹیکس ریٹرن فارم میں ٹیکس دہندگان سے زیادہ اور اضافی معلومات طلب کی جا رہی ہیں، جن میں گاڑیوں، جائیداد، بینک اکاؤنٹس اور شیئر ہولڈرز کی تفصیلات شامل ہیں۔

کراچی ٹیکس بار کے مطابق بڑی کمپنیوں کے لیے مختصر مدت میں گاڑیوں اور شیئر ہولڈرز سے متعلق مطلوبہ معلومات فراہم کرنا مشکل ہے۔

خط میں نشاندہی کی گئی کہ ٹیکس ایئر 2026 کے ریٹرن میں ریفنڈ درخواست کا آپشن موجود نہیں، جبکہ آئی آر آئی ایس میں ریٹرن فائل کرنے کے بعد تصدیقی جواب بھی موصول نہیں ہو رہا۔

کراچی ٹیکس بار نے مزید کہا کہ اسپیشل ٹیکس ایئر والے ریٹرن کا آپشن بھی آئی آر آئی ایس میں دستیاب نہیں ہے۔

خط کے ذریعے ایف بی آر سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئی آر آئی ایس میں ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی جائے اور سسٹم میں موجود تکنیکی مسائل کو فوری طور پر دور کیا جائے۔

Load Next Story