اروشی روٹیلا کا اے آئی کمپنی کو قانونی نوٹس، 7 ہزار کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ

متعلقہ کمپنی نے مبینہ طور پر اروشی کی اجازت کے بغیر ان کی شناخت اور ذاتی مواد استعمال کیا

بالی ووڈ اداکارہ اروشی روٹیلا کی ٹیم نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکارہ کے نام، تصاویر اور ویڈیوز مبینہ طور پر بغیر اجازت استعمال کرنے پر لاس اینجلس میں قائم ایک آرٹیفیشل انٹیلی جنس کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ اس معاملے میں ہرجانے کی ممکنہ رقم 7 ہزار کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔

اداکارہ کی ٹیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ کمپنی نے مبینہ طور پر اروشی کی اجازت کے بغیر ان کی شناخت اور ذاتی مواد استعمال کیا۔ ٹیم کے مطابق اس معاملے پر قانونی راستہ اختیار کیا جا رہا ہے اور ہرجانے کا تخمینہ فی الحال 7 ہزار کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کسی بھی فرد کے نام، تصویر یا شباہت کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے پہلے اس کی باقاعدہ اجازت حاصل کرنا ضروری ہے۔ ٹیم نے اس مؤقف کو اداکارہ کی شناخت اور حقوق کے تحفظ سے جوڑا ہے۔

دوسری جانب مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کردہ مواد کے غلط استعمال پر بالی ووڈ اداکار سلمان خان بھی اپنے تحفظات ظاہر کر چکے ہیں۔ حال ہی میں ’بگ باس 20‘ کی ایک قسط کے دوران انہوں نے اے آئی ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال اور لوگوں کی تصاویر و آوازوں کو ان کی اجازت کے بغیر استعمال کرنے کے مسئلے پر بات کی۔

سلمان خان کا کہنا تھا کہ اے آئی کے ذریعے ویڈیوز بنانا اور آوازوں کی ڈبنگ کرنا غلط ہے۔ ان کے مطابق یہ ٹیکنالوجی اس حد تک آگے بڑھ چکی ہے کہ اس کا استعمال خوف زدہ کرنے والا محسوس ہوتا ہے اور یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔

Load Next Story