امریکا: کتوں کی پُول پارٹی کا نیا گینیز ورلڈ ریکارڈ

ڈُوڈل پالوزا 2026 میں 296 پُوڈل مکس نسل کے کتے اپنے مالکان اور خاندانوں کے ہمراہ شریک ہوئے

امریکی ریاست نیواڈا کے ایک واٹر پارک میں تقریباً 300 کتوں نے شرکت کرکے سب سے بڑی ڈاگ پول پارٹی کا نیا گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔

ڈُوڈل پالوزا 2026 کے نام سے منعقد ہونے والی اس تقریب میں 296 پُوڈل مکس نسل کے کتے اپنے مالکان اور خاندانوں کے ہمراہ شریک ہوئے۔

یہ ایونٹ اتوار کے روز کووابُنگا کینیون ویگاس واٹر پارک میں منعقد کیا گیا جہاں کتوں نے ویو پول، اسپلیش پیڈ اور دیگر کم گہرے پانی کے مقامات پر خوب انجوائے کیا۔

قومی ڈاگ ویک کے موقع پر منعقد ہونے والی اس تقریب کا مقصد ڈُوڈل ریسکیو یو ایس اے کے لیے فنڈز جمع کرنا اور ایسے کتوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا جنہیں ریسکیو، عارضی نگہداشت یا مستقل گھر کی ضرورت ہے۔

ڈُوڈل ریسکیو یو ایس اے کی نمائندہ ڈینیئل ڈنکر نے کہا کہ یہ ریکارڈ ان تمام کتوں اور افراد کا ہے جنہوں نے ایک بڑے مقصد کے لیے تقریب میں شرکت کی تاکہ تفریح کے ساتھ ساتھ ضرورت مند کتوں کے لیے بھی مدد اور آگاہی پیدا کی جاسکے۔

Load Next Story