دلجیت دوسانجھ کا لاہور سے محبت کا پیغام، تنقید کرنے والوں کے لیے بھی مثبت جواب

لاہور کے مداح کو مخاطب کرتے ہوئے دلجیت نے ایک بار پھر محبت کا پیغام دیا

بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ نے پاکستانی مداح کی جانب سے لاہور کے لیے محبت کا پیغام ملنے پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے دل میں سب کے لیے یکساں محبت ہے، یہاں تک کہ وہ لوگ بھی ان کے منفی جذبات کا نشانہ نہیں بنتے جو ان پر تنقید کرتے ہیں۔

دلجیت کے حالیہ انسٹاگرام لائیو سیشن میں لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک صارف نے ’لاہور سے محبت‘ کا پیغام لکھا۔ اس پر گلوکار نے بھی محبت کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی طرف سے سب کے لیے پیار ہے، خواہ کچھ لوگ ان کے بارے میں برا ہی کیوں نہ کہیں۔

گلوکار نے گفتگو کے دوران کہا کہ وہ تمام لوگوں کو ایک ہی نظر سے دیکھتے ہیں، اگرچہ بعض افراد ان کے اس نظریے سے اتفاق نہیں کرتے۔ ان کے مطابق انہیں اس بات کی زیادہ فکر نہیں کہ لوگ ان کے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔ کسی کا انہیں پسند کرنا یا ناپسند کرنا، دونوں باتیں ان کے لیے قابل قبول ہیں۔

دلجیت نے یہ بھی کہا کہ انہیں اپنی ذات یا اپنے مؤقف کو دوسروں کے سامنے ثابت کرنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ لاہور کے مداح کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے ایک بار پھر محبت کا پیغام دیا۔

دلجیت ان دنوں اپنے عالمی میوزک ٹور میں مصروف ہیں۔ ان کا ’اورا ورلڈ ٹور‘ نومبر 2025 میں سڈنی اور میلبورن میں کنسرٹس کے ساتھ شروع ہوا تھا، جبکہ 2026 میں انہوں نے شمالی امریکا میں بھی دورہ کیا۔

Load Next Story