اداکارہ میرا کا اپنی فلاپ فلم پر تنقید کرنے والوں کو پُراعتماد جواب

اداکارہ کا کہنا ہے کہ کسی فلم کی ناکامی کسی عورت کی شخصیت یا اس کی صلاحیتوں کا فیصلہ نہیں کر سکتی

پاکستانی اداکارہ میرا نے اپنی فلم ’سائیکو‘ کی باکس آفس کارکردگی پر ہونے والی تنقید کے جواب میں خود اعتمادی اور ہمت کا پیغام دیا ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ کسی فلم کی ناکامی کسی عورت کی شخصیت یا اس کی صلاحیتوں کا فیصلہ نہیں کر سکتی۔

میرا نے انسٹاگرام پر اپنی تصاویر کے ساتھ متعدد پیغامات شیئر کیے، جن میں انہوں نے مشکل حالات، ناکامی اور ایسے لوگوں کے رویوں کا ذکر کیا جو آزمائش کے وقت ساتھ چھوڑ دیتے ہیں۔

ایک پوسٹ میں اداکارہ نے لکھا کہ لوگ انہیں اس لیے فلاپ قرار دیتے ہیں کیونکہ ان کی فلم ’سائیکو‘ 100 کروڑ روپے کا کاروبار نہیں کر سکی۔ میرا کے مطابق وہ خود کو بہادر سمجھتی ہیں، کیونکہ فلم کے بعد بعض لوگوں کی بے رخی اور ساتھ چھوڑنے کے باوجود انہوں نے آگے بڑھنے کا حوصلہ برقرار رکھا۔

ان کی پوسٹس میں اس سوچ پر بھی سوال اٹھایا گیا کہ شوبز میں کسی فلم کے کاروبار کو ہی کامیابی کا آخری پیمانہ سمجھ لیا جاتا ہے۔ اداکارہ نے اپنی توجہ فلم کے مالی نتائج کے بجائے اپنی جدوجہد، خود اعتمادی اور مشکلات کے باوجود ثابت قدم رہنے پر مرکوز رکھی۔

Load Next Story