کراچی: فارم ہاؤس پر انوکھی واردات، ایونٹ آرگنائزر 50 سے زائد خواتین کے موبائل فونز لیکر فرار
شہر میں موبائل فون چوری کر کے فرار ہونے کی انوکھی واردات میں ایونٹ آرگنائزر ملازمت کے لیے بلائی گئی 50 سے زائد خواتین کے درجنوں موبائل فونز لیکر رفو چکر ہوگیا ، ملازمت کی تلاش میں آنے والی خواتین کو ایونٹ ایکٹیویٹی کے نام پر دھوکے سے گڈاپ کے فارم ہاؤس پر 2 بسوں میں لایا گیا تھا ، فارم ہاؤس کے مینجر اور ایک متاثرہ لڑکی کا ویڈیو بیان بھی سامنے آگیا ، متاثرہ خواتین گڈاپ تھانے پہنچ گئیں جہاں پولیس نے ان کے بیانات قلمبند کرلیے ۔
تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی کے علاقے میں قائم فارم ہاؤس پر ملازمت کے لیے بلائی گئی 50 سے زائد خواتین اپنے موبائل فونز سے محروم ہوگئیں ، اس حوالے سے فارم ہاؤس کے مینجر اشعر انصاری کا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ میرے فارم ہاؤس پر ایک بکنگ ہوئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ کوآپریٹو اسٹاف میں 50 سے 55 خواتین ہونگی ہماری ہیڈ یہاں آکر تقریر کرینگی جبکہ 3 سے 4 گھنٹے کی تقریب ہے جس میں نے دن 12 بجے سے 6 تک کی بکنگ کر دی اور بتایا تھا کہ چیک آؤٹ پر ادائیگی کر دی جائیگی جبکہ بکنگ وقاص نامی شخص نے کرائی تھی جو کہ فارم پر نہیں آیا تھا تاہم فارم پر آصف یا سلمان نام کا لڑکا آیا تھا اور ان کے ساتھ ایک لڑکی بھی تھی۔
اشعر انصاری کا کہنا تھا کہ مجھے لڑکیوں نے بتایا کہ ہمیں بتایا گیا کہ بوس آرہے ہیں وہ تقریر کرینگے اس دوران فون بجیں گے تو وہ ڈسٹرب ہونگے، لہٰذا فونز ایک جگہ رکھ دو جس کے بعد وہ لیکر نکل گئے جبکہ میرے پاس جو بکنگ کرائی گئی وہ طریقہ کار کے مطابق کی گئی جس میں شناختی کارڈ بھی میرے پاس موجود ہے۔
متاثرہ خواتین میں سے ایک لڑکی جو کہ گلستان جوہر کی رہائشی ہے، اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ ہمیں نوکری کا جھانسہ دیکر بلایا گیا ، ہمیں بتایا گیا ایونٹ ایکٹویٹی ہے 25 دن کی جس میں روز 2 ہزار روپے اور کھانا شامل ہے ، ایک نجی سوسائٹی میں الگ الگ برانڈز کے اسٹال لگائے جائینگے، صبح 9 بجے پک اور ڈراپ بھی کریگی جبکہ ہمیں فارم ہاؤس پر اسٹال لگانے کی ٹریننگ اور باس سے میٹنگ کے حوالے سے فارم ہاؤس پر لایا گیا تھا۔
اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے جبکہ پولیس بکنگ کرانے والے شخص کے حوالے سے بھی مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔