خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی؟ آج اہم آئینی مشاورت متوقع
(فوٹو: اے آئی جنریٹڈ)
خیبر پختونخوا کے مستقبل سے متعلق اہم مشاورتوں اور ممکنہ فیصلوں کے حوالے سے آج کا دن اہم قرار دیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی سے متعلق آئینی پہلوؤں پر اہم مشاورت متوقع ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور امیر مقام کو مشاورت کے لیے وزیراعظم ہاؤس بلایا ہے، جہاں خیبر پختونخوا کے معاملات پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔
آج شام یا رات ایوان صدر میں بھی ایک اہم بیٹھک ہونے کا امکان ہے، جس میں وزیراعظم صدر پاکستان کو خیبر پختونخوا کی بگڑتی سیاسی صورتحال پر اعتماد میں لیں گے۔
اس مشاورت کے دوران خیبر پختونخوا سے متعلق آئینی آپشنز پر غور کیا جائے گا، جبکہ اس سلسلے میں تمام سیاسی، آئینی اور قانونی پہلو بھی زیر بحث آئیں گے۔
مشاورت میں صوبائی حکومت کی بدترین گورننس کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ سے مکمل لاتعلقی اور اس سے ہونے والے نقصانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔