آپ کی واٹس ایپ چیٹس کوئی اور تو نہیں پڑھ رہا؟ ایسے معلوم کریں

کسی نامعلوم شخص کے کہنے پر ویری فکیشن یا پیئرنگ کوڈ درج نہ کریں

یا کبھی آپ نے دفتر کے کمپیوٹر، کسی دوست کے لیپ ٹاپ یا کسی دوسرے ڈیوائس پر واٹس ایپ کھولا اور بعد میں لاگ آؤٹ کرنا بھول گئے؟

بظاہر معمولی سی یہ بھول آپ کی ذاتی چیٹس کسی دوسرے شخص کی پہنچ میں لا سکتی ہے۔

واٹس ایپ کا ’لنکڈ ڈیوائسز‘ فیچر صارفین کو اپنے اکاؤنٹ کو فون کے علاوہ کمپیوٹر، ٹیبلیٹ یا دوسرے فون پر استعمال کرنے کی سہولت دیتا ہے، لیکن اگر کوئی پرانا یا غیر مانوس ڈیوائس اکاؤنٹ سے منسلک رہ جائے تو آپ کی پرائیویسی متاثر ہو سکتی ہے۔

’لنکڈ ڈیوائسز‘ فیچر کیا ہے؟

اس فیچر کے ذریعے صارف اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو بنیادی فون کے ساتھ مزید چار ڈیوائسز سے منسلک کر سکتا ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ ایک مرتبہ ڈیوائس لنک ہونے کے بعد اسے ہر وقت بنیادی فون کے آن لائن رہنے کی ضرورت نہیں ہوتی، یعنی آپ کا فون آپ کے پاس ہونے کے باوجود واٹس ایپ کسی پہلے سے لنک شدہ ڈیوائس پر چل سکتا ہے۔

کیسے پتا چلے گا کہ واٹس ایپ کہاں کہاں کھلا ہے؟

اینڈرائیڈ فون پر واٹس ایپ کھولیں، اوپر دائیں جانب موجود تین نقطوں پر ٹیپ کریں اور ’لنکڈ ڈیوائسز‘ کھولیں۔

آئی فون صارفین واٹس ایپ کی ’سیٹنگز‘ میں جا کر ’لنکڈ ڈیوائسز‘ کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

یہاں ان تمام ڈیوائسز کی فہرست نظر آئے گی جو آپ کے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے منسلک ہیں۔

کوئی نامعلوم ڈیوائس نظر آئے تو؟

اگر فہرست میں کوئی ایسا کمپیوٹر، فون یا دوسرا ڈیوائس موجود ہو جسے آپ نہیں پہچانتے تو اسے نظرانداز نہ کریں۔

اس ڈیوائس پر ٹیپ کر کے ’لاگ آؤٹ‘ کا انتخاب کریں، جس کے بعد اس کی آپ کے واٹس ایپ اکاؤنٹ تک رسائی ختم ہو جائے گی۔

کیا اس کا مطلب واٹس ایپ ہیک ہو گیا؟

ضروری نہیں کہ نامعلوم ڈیوائس نظر آنے کا مطلب یہ ہو کہ کسی نے واٹس ایپ کی سیکیورٹی توڑ دی ہے۔

ممکن ہے آپ نے ماضی میں کسی دفتری کمپیوٹر، مشترکہ لیپ ٹاپ یا دوسرے ڈیوائس پر خود واٹس ایپ لنک کیا ہو اور بعد میں لاگ آؤٹ کرنا بھول گئے ہوں۔

تاہم اگر آپ کو ایسا کوئی ڈیوائس نظر آئے جسے آپ نے کبھی استعمال ہی نہیں کیا تو معاملے کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ چند سیکنڈ کیلئے فون کسی کے ہاتھ لگنا بھی کافی ہو سکتا ہے۔

واٹس ایپ اکاؤنٹ کو محفوظ کیسے رکھیں؟

اپنے واٹس ایپ کے ’لنکڈ ڈیوائسز‘ سیکشن کو وقتاً فوقتاً چیک کرتے رہیں اور کسی بھی غیر مانوس ڈیوائس کو فوری طور پر لاگ آؤٹ کریں۔

کسی نامعلوم شخص کے کہنے پر ویری فکیشن یا پیئرنگ کوڈ درج نہ کریں اور ایسی ڈیوائس لنک کرنے کی درخواست منظور نہ کریں جو آپ نے خود شروع نہ کی ہو۔

فون پر بائیومیٹرک لاک استعمال کریں، واٹس ایپ کی ’ٹو اسٹیپ ویری فکیشن‘ فعال رکھیں اور مشترکہ یا دفتری کمپیوٹر پر واٹس ایپ استعمال کرنے کے بعد لازمی لاگ آؤٹ کریں۔

Load Next Story