ہاکی کے معروف کھلاڑی سابق اولمپین خواجہ ذکا الدین 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

فارورڈ کھلاڑی کی حیثیت سے پاکستان کی جانب سے 56 انٹرنیشنل میچز میں خواجہ ذکا الدین نے 26 گول اسکور کیے

ہاکی کے معروف کھلاڑی سابق اولمپین خواجہ ذکا الدین 89 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔

فارورڈ کھلاڑی کی حیثیت سے پاکستان کی جانب سے 1958 سے 1966 تک 56 انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے خواجہ ذکا الدین نے اپنے کیریئر میں 26 گول اسکور کیے، 27 اکتوبر 1936 کو مشرقی پنجاب کے شہر جالندھر میں پیدا ہونے والے اولمپین خواجہ ذکا الدین  1060 کے روم اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والی پاکستان  ہاکی ٹیم کے رکن تھے۔

وہ1964 کے ٹوکیو اولمپکس میں سلور میڈل پانے والی قومی ہاکی ٹیم کا بھی حصہ تھے، اولمپین خواجہ ذکا الدین 1958 میں ٹوکیو میں ہونے والے ایشین گیمز میں فاتح بن کر گولڈ میڈل جیتنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کے رکن تھے، وہ 1962 میں جکارتہ کے ایشین گیمز میں پہلی پوزیشن پاکر اپنے اعزاز  کا دفاع کرنےوالی قومی ہاکی ٹیم کے بھی رکن رہے ،وہ 1966 میں بینکاک کے ایشین گیمز میں سلور میڈل پانے والی پاکستان ہاکی ٹیم میں بھی شامل تھے۔

اس طرح ان کو لگاتار تین ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز بھی حاصل ہوا،2009 میں ٹریفک پولیس سے بطور ڈی ایس پی ریٹائر ہونے والے خواجہ ذکا الدین کو  ہاکی میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سےصدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا تھا۔

 خواجہ ذکا الدین نے مختلف ادوار میں پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ، چیف سلیکٹر اور مینیجر کی حیثیت سے ذمہ داریاں بھی ادا کیں، اولمپین توقیر ڈار ان کے داماد تھے جبکہ ان کے چار صاحبزادے کامران ذکا،عرفان ذکا، عمران ذکا اور سلمان ذکا بھی ہاکی کے اچھے کھلاڑی رہے۔

 دریں اثنا سابق قومی ہاکی کپتان اولمپین حنیف خان، اولمپین سمیع اللہ خان، اولمپین اصلاح الدین صدیقی، اولمپین  حسن سردار، اولمپین شہناز شیخ، اولمپین ناصر علی،  اولمپین شہباز جونیئر ،اولمپین وسیم فیروز، اولمپین منظور الحسن، اولمپین رشید الحسن اولمپئین ، افتخار سید اور دیگر نے اولمپین خواجہ  ذکاء الدین کی رحلت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ہاکی کے میدان میں ان کی گراں قدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

Load Next Story