کیلیفورنیا میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 2 افراد ہلاک
کیلیفورنیا میں میڈیکل ہیلی کاپٹر سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا ہے جس میں 2 افراد ہلاک ہوگئے.
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے قریب کیٹالینا آئی لینڈ سے پرواز بھرنے کے فوراً بعد ایک میڈیکل ہیلی کاپٹر سمندر میں گر گیا، جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 2 افراد کو زندہ نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایک شخص تاحال لاپتا ہے۔
حادثہ 30 ستمبر کی رات ایولون کے قریب پیش آیا، جب ہیلی کاپٹر جزیرے سے امریکی سرزمین کی طرف جا رہا تھا۔
ہیلی کاپٹر میں 5 افراد سوار تھے، جن میں پائلٹ، طبی عملہ اور ایک مریض بھی شامل تھے۔
ہلاک ہونے والوں میں پائلٹ اور ایک نرس شامل ہیں۔ دیگر دو افراد کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔
دیگر کاپٹر تقریباً 240 فٹ گہرے پانی میں جاگرا۔ ریسکیو ٹیمیں لاپتا شخص کی تلاش اور ملبہ نکالنے میں مصروف ہیں۔
ہیلی کاپٹر میڈیکل سروس کا تھا اور این ٹی ایس بی نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حادثے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی۔
حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر نے اڑان بھرنے کے چند ہی لمحوں بعد پانی میں غوطہ لگایا، تاہم یہ واضح نہیں کہ تکنیکی خرابی، موسمی حالات یا کسی اور وجہ سے حادثہ پیش آیا۔