اسلام آباد: ایم ٹو موٹروے کے قریب گاڑی سے 5 ارب 41 کروڑ مالیت کی منشیات برآمد، ملزمان فرار

چرس کے ساتھ تقریباً 100 کلو گرام پوست کے بیج بھی برآمد

اسلام آباد:

کسٹمز انفورسمنٹ اسلام آباد نے انسداد اسمگلنگ کی بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی اور ایم ٹو موٹروے کے قریب سے 5 ارب 41 کروڑ روپے مالیت کی چرس قبضے میں لے لی تاہم ملزمان فرار ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں کسٹمز انفورسمنٹ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایم ٹو موٹروے کے قریب سے 1200 کلو گرام چرس برآمد کی ہے۔

کسٹمز حکام کے مطابق اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ نے خفیہ اطلاع پر 2 اکتوبر کو رات تقریباً ڈھائی بجے ایم ٹو موٹروے کے قریب کارروائی کی، اس دوران 1200 کلو گرام چرس، تقریباً 100 کلو گرام پوست کے بیج، ایک آتشیں اسلحہ اور غیر کسٹمز ادا شدہ ٹویوٹا پراڈو ماڈل 2005 برآمد کی گئی جسے منشیات کی منتقلی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

کسٹمز حکام کے مطابق برآمد منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 5 ارب 40 کروڑ روپے ہے جبکہ گاڑی اور دیگر سامان سمیت مجموعی مالیت تقریباً 5 ارب 41 کروڑ روپے بنتی ہے،کارروائی کے دوران ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

نامعلوم ملزمان کے خلاف کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹنسز ایکٹ 1997 اور کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ ملزمان کا سراغ لگانے کے ساتھ ساتھ منشیات کی اس کھیپ کے پیچھے موجود نیٹ ورک کا بھی پتا چلایا جاسکے۔

Load Next Story