قومی بچت کے 111 مراکز غیرموٴثر اور مالی طور پر غیر پائیدار قرار

ناقابلِ عمل مراکز کو مکمل بند کرکے قریبی فعال مرکز میں ضم کرنے کی تجویز

اسلام آباد:

قومی بچت کے 111 مراکز کو غیرموٴثر اور مالی طور پر غیر پائیدار قرار دے دیا گیا، ناقابلِ عمل مراکز کو مکمل بند کرکے قریبی فعال مرکز میں ضم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ قومی بچت مراکز کے لیے فی 10 لاکھ روپے کے ڈپازٹس پر آپریشنل اخراجات کا معیار 2500روپے مقرر ہے ، 111 غیرموٴثر مراکز کو اخراجات کم کرنے یا کاروبار بڑھانے کیلئے عملی منصوبہ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ قومی بچت کے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے یہ مراکز بہتر کارکردگی کیلئے کاروبار اور ڈپازٹس بڑھانے کا منصوبہ بنا سکتے ہیں، غیر موٴثر مراکز کو زیادہ کاروباری اور سرمایہ کاری کی صلاحیت والے علاقوں میں منتقل کرنے کا آپشن بھی زیر غور ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ منتقلی کی صورت میں 15 روز کے اندر علاقائی ڈائریکٹوریٹس سے کاروباری اور منتقلی کا منصوبہ طلب کیا گیا ہے، مرکز بند ہونے کی صورت میں وہاں تعینات تمام ملازمین کی تفصیلات، رہائش اور ترجیحی تعیناتی کی جگہ بھی فراہم کرنا ہوگی۔

Load Next Story