جوجوبا آئل، جلد اور بالوں کی دیکھ بھال میں مددگار

جوجوبا آئل شیمپو، جلد کی کریموں اور دیگر کاسمیٹک مصنوعات میں بھی استعمال ہوتا ہے

جلد کو نرم رکھنے اور بالوں کی دیکھ بھال کے لیے لوگ مختلف مہنگی مصنوعات کے ساتھ قدرتی اجزا بھی استعمال کرتے ہیں۔ جوجوبا آئل بھی ایسا ہی ایک جز ہے جسے متعدد کاسمیٹک مصنوعات میں شامل کیا جاتا ہے اور جلد و بالوں کی نگہداشت میں استعمال کیا جاتا ہے۔

جوجوبا دراصل ایک جھاڑی ہے جو شمالی میکسیکو اور جنوب مغربی امریکا کے خشک علاقوں میں پائی جاتی ہے۔ اس کے بیجوں سے حاصل ہونے والا جوجوبا آئل اپنی ساخت کے اعتبار سے عام سبزیوں کے تیل سے مختلف ہے۔ اسے تیل کہا جاتا ہے، لیکن اس کی مومی خصوصیات کی وجہ سے اسے مائع موم بھی قرار دیا جاتا ہے۔

جوجوبا آئل شیمپو، جلد کی کریموں اور دیگر کاسمیٹک مصنوعات میں بھی استعمال ہوتا ہے۔

جلد کے لیے جوجوبا آئل

جوجوبا آئل کو بعض افراد براہِ راست جلد پر استعمال کرتے ہیں جبکہ اسے دوسرے اجزا یا تیل کے ساتھ ملا کر بھی لگایا جاسکتا ہے۔ جلد پر استعمال ہونے کی صورت میں یہ نمی برقرار رکھنے اور خشکی کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

اسے رات کے وقت جلد کی نگہداشت کے معمول میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ جوجوبا شامل موئسچرائزر، فیس ماسک، سن اسکرین، باڈی لوشن اور شاور جیل بھی دستیاب ہیں۔ گھریلو فیس ماسک یا باڈی اسکرب میں بھی اس کی تھوڑی مقدار شامل کی جاتی ہے۔

بالوں کی نگہداشت میں استعمال

بالوں کے لیے جوجوبا آئل کو سر کی جلد پر براہِ راست لگانے کے علاوہ ہیئر پیک یا کنڈیشننگ ماسک میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ بعض مصنوعات میں اسے شیمپو، کنڈیشنر اور ہیئر ماسک کے جزو کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

جوجوبا آئل کے حوالے سے بالوں اور اسکیلپ کی نمی برقرار رکھنے اور بالوں کی ظاہری حالت بہتر بنانے کے دعوے کیے جاتے ہیں، تاہم گنج پن یا بالوں کی نئی نشوونما کے حوالے سے اسے ثابت شدہ علاج سمجھنا درست نہیں۔

جوجوبا آئل کی نمایاں خصوصیات

جوجوبا آئل میں ایسے اجزا موجود ہوتے ہیں جو جلد کی نمی برقرار رکھنے میں معاون ہوسکتے ہیں۔ اس میں وٹامن ای سمیت اینٹی آکسیڈنٹس بھی پائے جاتے ہیں، جو جلد اور اسکیلپ کو آکسیڈیٹو اسٹریس سے بچانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔

اس کی مومی ساخت جلد پر حفاظتی تہہ بنانے اور نمی کے ضیاع کو کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔ بالوں کے لیے اس کا استعمال بالوں اور اسکیلپ کو نرم اور کنڈیشن رکھنے کے مقصد سے کیا جاتا ہے۔

Load Next Story