فرانس میں تارکین وطن سے بھری برطانوی وین میں فائرنگ، 47 سالہ شخص قتل

پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کرلیا ہے جس کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ واقعے کے وقت جائے وقوعہ پر موجود تھا

فرانس کے شمالی علاقے میں تارکین وطن کو لے جانے والی برطانوی نمبر پلیٹ کی ایک وین میں فائرنگ کے نتیجے میں 47 سالہ شخص ہلاک ہوگیا۔

واقعہ ٹروا شہر کے قریب ایک موٹروے ریسٹ ایریا میں پیش آیا، جہاں پولیس نے وین سے تقریباً 10 غیر ملکی افراد کو بھی برآمد کیا جو فرانس میں غیر قانونی طور پر موجود تھے۔

فرانسیسی حکام کے مطابق مقتول کی لاش جمعے کی صبح تقریباً 5 بجے وین کی ایک نشست سے ملی۔ اس کے سر پر گولی لگنے کا زخم تھا۔

وین برطانیہ میں رجسٹرڈ تھی اور اسے ایک تجارتی گاڑی کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔ پولیس نے وین میں موجود افراد کی قومیت یا مقتول کی شناخت سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔

ٹروا کی پراسیکیوٹر ازابیل ویریسیمو کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ اس وقت ہوئی جب وین ریسٹ ایریا میں پارکنگ کے لیے رکی۔ فائرنگ کے بعد کئی افراد موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کرلیا ہے جس کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ واقعے کے وقت جائے وقوعہ پر موجود تھا۔

یہ ریسٹ ایریا فرانس کی A26 موٹروے پر ٹروا اور ریمس کے درمیان واقع ہے۔ حکام کے مطابق جائے وقوعہ کی تحقیقات ریمس کے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے سپرد کردی گئی ہیں۔

فرانسیسی پراسیکیوٹر کے دفتر نے بتایا ہے کہ واقعے پر قتل، اقدامِ قتل، غیر قانونی اسلحہ رکھنے، منظم گروہ کی مدد سے غیر ملکیوں کو فرانس میں غیر قانونی طور پر داخل کرانے اور انسانی اسمگلنگ سمیت متعدد دفعات کے تحت عدالتی کارروائی شروع کی جائے گی۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ فائرنگ کی اصل وجہ کیا تھی اور مقتول یا گرفتار شخص کا تارکین وطن کی نقل و حرکت سے کیا تعلق تھا۔

Load Next Story