برمودا سے بوسٹن جانے والی ایئر ایمبولینس سمندر میں گر کر تباہ، ملبہ مل گیا
برمودا سے امریکی شہر بوسٹن جانے والی ایئر ایمبولینس کے سمندر میں گر کر تباہ ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔
امریکی کوسٹ گارڈ نے بتایا ہے کہ نانٹکٹ کے قریب سمندر میں طیارے کا ملبہ مل گیا، تاہم حادثے میں سوار 6 افراد کی صورتحال تاحال واضح نہیں ہوئی۔
حکام کے مطابق کینیڈا میں رجسٹرڈ گلف اسٹریم طیارہ برمودا کے ایل ایف ویڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بوسٹن کے لیے روانہ ہوا تھا۔ طیارے میں چار رکنی کینیڈین عملہ، ایک مریض اور اس کا ایک عزیز سوار تھا۔ یہ طیارہ کینیڈا کی نجی کمپنی کے زیرِ انتظام تھا۔
طیارے نے رات گئے برمودا سے پرواز کی اور بحر اوقیانوس میں نانٹکٹ کے قریب پہنچنے کے دوران ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
پرواز کے آخری مرحلے میں طیارہ تقریباً 24 ہزار فٹ کی بلندی سے چند منٹ کے اندر تقریباً 13 ہزار فٹ نیچے آیا، جس کے بعد ریڈار سے بھی غائب ہوگیا۔
ایئر ٹریفک کنٹرول کی آخری گفتگو کے مطابق پائلٹ نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق طیارے میں بجلی سے متعلق خرابی بھی پیش آئی تھی، جبکہ حادثے سے قبل شدید موسمی حالات کا سامنا ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ حادثے کی حتمی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی۔
طیارے کے لاپتہ ہونے کے بعد امریکی کوسٹ گارڈ نے طیاروں، ہیلی کاپٹر اور بحری جہازوں کی مدد سے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا۔ بعد ازاں نانٹکٹ کے ساحل سے دور سمندر میں ملنے والے ملبے کی شناخت اسی ایئر ایمبولینس کے طور پر کی گئی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ تلاش کا عمل جاری ہے اور چھ افراد کے بارے میں ابھی حتمی اطلاع نہیں دی گئی۔