زمین پر نہ دِکھنے والی یہ طاقت ہمیں کیسے متاثر کر سکتی ہے؟
ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ زمین کی مقناطیسی فِیلڈ ہماری عمر بڑھنے کی رفتار پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
یونیورسٹی آف ناٹنگھم کے سائنس دانوں کی جانب سے پھل کی مکھیوں پر کی گئی تحقیق کے مطابق زمین کے مقناطیسی فِیلڈ کے اثرات سے محفوظ رہنے سے عمر میں 20 فی صد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
تاہم، اس کے اثرات سے بچنا صرف گھر کے اندر چلے جانے جتنا آسان نہیں کیونکہ زمین کا مقناطیسی فِیلڈ عمارتوں کے اندر سے بھی گزرتا ہے اور ہمارے جسموں کے اندر سے بھی۔
تحقیق کی شریک سربراہ پروفیسر لیزا چکرابارتی کے مطابق ہم اپنی پوری زندگی زمین کی مقناطیسی فِیلڈ کے اندر گزارتے ہیں۔ یہ ہمارے جسموں، ہمارے خلیوں اور کرۂ ارض پر موجود ہر جاندار کے اندر سے گزرتا ہے، لیکن حیرت انگیز طور پر ہم بہت کم جانتے ہیں کہ آیا یہ غیر مرئی قوت ہمارے خلیوں کے کام کرنے کے طریقے کو متاثر کرتی ہے، اور اگر کرتی ہے تو کیسے۔
اس بات کی تحقیق کے لیے سائنس دانوں نے کچھ پھل کی مکھیوں کو ایک مقناطیسی شیلڈ کے اندر رکھا۔ یہ نکل اور لوہے سے بنا ایک ڈبہ تھا جو زمین کے تقریباً تمام مقناطیسی فِیلڈ کو روک دیتا ہے۔ پھر ان مکھیوں کا موازنہ ان مکھیوں سے کیا گیا جو شیلڈ کے باہر رکھی گئی تھیں۔
چونکہ سابقہ تحقیق سے یہ اشارہ ملا تھا کہ مقناطیسی فِیلڈ سے مائٹوکانڈریا متاثر ہو سکتے ہیں۔ مائٹوکانڈریا خلیوں کے اندر موجود ننھے ڈھانچے ہوتے ہیں جو انہیں توانائی فراہم کرتے ہیں۔ اس لیے سائنس دانوں نے مکھیوں کی دو اقسام پر تجربہ کیا: صحت مند مکھیاں، اور وہ مکھیاں جن میں Pink1 نامی جین خراب تھا، جس کی وجہ سے ان کے مائٹوکانڈریا درست طریقے سے کام نہیں کرتے۔
سامنے آنے والے نتائج ساءنس دانوں کے لیے حیران کن تھے۔ Pink1 جین میں خرابی رکھنے والی مکھیاں مقناطیسی شیلڈ کے اندر تقریباً 20 فی صد زیادہ عرصے تک زندہ رہیں، اگرچہ ان کی حرکت کرنے اور چڑھنے کی صلاحیت کم ہوگئی۔
دوسری جانب، صحت مند مکھیاں زمین کے مقناطیسی فِیلڈ سے محفوظ کیے جانے کے بعد بہتر طریقے سے چڑھنے لگیں، لیکن ان کی عمر میں اضافہ نہیں ہوا۔