سابق امریکی فوجی کی 100 ویں سالگرہ پر انوکھی خواہش، لوگوں کا بھرپور جواب
امریکا میں ویٹرن فوجی کی جانب سے اپنی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر 100 برتھ ڈے کارڈز کی خواہش لوگوں نے انوکھے انداز میں پوری کی۔
ریاست ٹیکساس میں سابق میرین فوجی کی جانب سے 100 ویں سالگرہ پر 100 کارڈز کی خواہش ظاہر کی جس کے نتیجے میں انہیں ملک بھر سے چار ہزار سے زائد کارڈز موصول ہوگئے۔
وِلڈن کینتھ بووِن کے لیے ٹیکساس ویٹرنز لینڈ بورڈ نے اپنی ’100 فار 100‘ مہم کے تحت 100 سالگرہ کارڈز کی اپیل کی تھی۔ مقامی اخبارات اور ایک ریڈیو اسٹیشن کے ذریعے یہ درخواست عوام تک پہنچی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر بھی بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی۔
نتیجتاً بووِن کی سالگرہ کی تقریب تک ان کے پاس 100 کے بجائے چار ہزار سے زیادہ کارڈز پہنچ چکے تھے، جن میں ملک کے مختلف حصوں سے لوگوں نے ان کے لیے نیک خواہشات اور تشکر کا اظہار کیا ہوا تھا۔
وِلڈن کینتھ بووِن 5 ستمبر 1926 کو ٹیکساس کے شہر لولنگ میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے 1945 میں امریکی میرینز میں شمولیت اختیار کی اور دوسری جنگِ عظیم کے آخری دنوں میں خدمات انجام دیں۔ 1946 میں انہیں گڈ کنڈکٹ میڈل اور ایکسپرٹ رائفل مین بیج کے ساتھ فوج سے فارغ کیا گیا۔
100 کارڈز کی معمولی سی خواہش کا ہزاروں محبت بھرے پیغامات میں بدل جانا اس سابق فوجی کے لیے سالگرہ کا یادگار تحفہ بن گیا۔