کراچی، سائیٹ ایریا کی گارمنٹس فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی، آگ تیسرے درجے کی قرار

ہائیڈرنٹس سیل کا عملہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام سے مسلسل رابطے میں ہے

کراچی:

شہر قائد میں سائیٹ ایریا حبیب چورنگی کے قریب گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی آگ کو فائر بریگیڈ نے تیسرے درجے کی قرار دے دیا آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیاں، 2 واٹر باوزر اور ایک اسنارکل مصروف ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ سائیٹ ایریا میں واقع اس فیکٹری میں لگی جہاں ڈائپر تیار کیے جاتے ہیں جبکہ فیکٹری میں بڑی مقدار میں پلاسٹک دانا موجود ہونے کے باعث آگ تیزی سے پھیلی۔

تاہم اب آگ کی شدت میں کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے اور جلد مکمل طور پر قابو پالینے کی توقع ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق آگ نان وون فیبرک پلانٹ میں لگی جہاں زیادہ تر فیبرک پی پی فائبر سے تیار کیا جاتا ہے اور اس مقصد کے لیے پلاسٹک کے دانے استعمال ہوتے ہیں۔

ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق آگ بجھانے کے عمل کے دوران فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ واٹر کارپوریشن کے پانچوں ہائیڈرنٹس سے فائر بریگیڈ کو مسلسل پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

ہائیڈرنٹس سیل کا انچارج فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام سے مسلسل رابطے میں ہے جبکہ مزید ٹینکرز بھی جائے وقوعہ پر روانہ کیے گئے ہیں۔

کے ایم سی فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف ہیں، جبکہ پولیس، رینجرز اور دیگر امدادی ٹیمیں بھی موقع پر موجود ہیں۔

آخری اطلاعات تک آتشزدگی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا جبکہ فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

Load Next Story