اسٹارلنک پر ایران کا بڑا اعتراض، ناروے کے سفیر کو وزارت خارجہ طلب کرلیا

ایرانی حکام نے کے مطابق امریکا اور اسرائیل ایران کے خلاف اسٹارلنک سیٹلائٹ نیٹ ورک کا استعمال کر رہے ہیں

ایران نے اپنی حدود میں اسٹارلنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی مبینہ غیر مجاز سرگرمیوں کے خلاف ناروے کے سفیر کو وزارت خارجہ طلب کرکے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ناروے نے تہران کی بار بار درخواستوں کے باوجود اسٹارلنک کی غیر مجاز نشریات روکنے کیلئے مؤثر اقدامات نہیں کیے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے بین الاقوامی امن و سلامتی نے ناروے کے سفیر پال بیورنستاد کو طلب کرکے احتجاجی نوٹ حوالے کیا۔ ایرانی حکام نے الزام عائد کیا کہ امریکا اور اسرائیل ایران کے خلاف مداخلتی سرگرمیوں کیلئے اسٹارلنک سیٹلائٹ نیٹ ورک کا استعمال کر رہے ہیں۔ یہ الزامات ایران کی جانب سے عائد کیے گئے ہیں، جن کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوئی۔

تہران کا مؤقف ہے کہ ناروے انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین میں اسٹارلنک نیٹ ورک کو رجسٹر کرنے والی انتظامیہ ہے، اس لیے اس پر بعض بین الاقوامی ضوابط کے تحت غیر مجاز اسٹارلنک ٹرانسمیشنز کے خلاف کارروائی کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ایران نے مطالبہ کیا ہے کہ ناروے اسٹارلنک کی ایسی سرگرمیاں رکوانے کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔

آئی ٹی یو کے ریڈیو ریگولیشنز بورڈ نے بھی ایران میں غیر مجاز اسٹارلنک ٹرمینلز کے معاملے پر کارروائی کی ہے۔ بورڈ کی دستاویز کے مطابق ایران نے اپنے علاقے میں اسٹارلنک ٹرمینلز کے مسلسل غیر مجاز استعمال کی شکایت کی، جبکہ بورڈ نے ناروے اور امریکا سے متعلقہ ضوابط کی پاسداری اور غیر مجاز ٹرانسمیشنز روکنے کیلئے مناسب اقدامات پر زور دیا ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق تہران نے اس معاملے پر ناروے سے متعدد مرتبہ رابطہ کیا، تاہم اس کے باوجود مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ ایران کا کہنا ہے کہ اسٹارلنک کی غیر مجاز سرگرمیاں اس کی قومی سلامتی اور علاقائی خودمختاری سے متعلق خدشات پیدا کرتی ہیں۔ دوسری جانب اس معاملے میں ناروے اور اسٹارلنک کی جانب سے تازہ ردعمل کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آئی ہیں۔

یہ سفارتی احتجاج ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران سیٹلائٹ انٹرنیٹ اور مواصلاتی ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی اختلافات بڑھ رہے ہیں۔ اسٹارلنک امریکی ارب پتی ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کا سیٹلائٹ انٹرنیٹ نیٹ ورک ہے، جو دنیا کے مختلف حصوں میں براہِ راست سیٹلائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ فراہم کرتا ہے۔

Load Next Story