لاہور میں پان کی دکان پر ایک کروڑ 15 لاکھ روپے کی واردات، برقع پوش چور گرفتار
باغبانپورہ کے علاقے داروغہ والا چوک میں پان شاپ سے 1 کروڑ 15 لاکھ روپے کی مبینہ چوری کا معمہ پولیس نے حل کر لیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق دکان سے بھاری رقم چوری ہونے کی 15 پر کالز موصول ہوئیں، جبکہ دکان مالک نے دعویٰ کیا تھا کہ نامعلوم چور رقم لے گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واردات کا بھانڈا پھوٹ گیا، جس میں انکشاف ہوا کہ ملزم دکان کا ملازم حسنین علی ہے۔ ملزم برقع پہن کر دکان میں داخل ہوا اور رقم چوری کر کے فرار ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم سے 1 کروڑ 17 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کر لیے گئے ہیں۔ مزید ریکوری اور تفتیش کے لیے ملزم کو انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گھریلو اور کاروباری ملازمین کا مکمل ڈیٹا قریبی پولیس اسٹیشن یا خدمت مرکز میں ضرور درج کروائیں۔