صومالی قزاقوں کے ہاتھوں جاں بحق کاشف عمر کی نمازِ جنازہ کراچی میں ادا
صومالی قزاقوں کے خلاف آپریشن کے دوران جاں بحق ہونے والے سیکنڈ آفیسر سید کاشف عمر کی نمازِ جنازہ بفر زون کی غوث الاعظم مسجد میں ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں گورنر سندھ نہال ہاشمی، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کاشف عمر سمیت تین جاں بحق پاکستانیوں محمود احمد انصاری اور رفیع اللہ خان کے جسدِ خاکی ایتھوپین ایئرلائنز کی پرواز کے ذریعے ادیس ابابا سے کراچی پہنچائے گئے تھے۔
یہ ملاح صومالی قزاقوں کی قید میں تقریباً ساڑھے 5 ماہ رہے، مسلح قزاقوں نے ان کے تیل بردار بحری جہاز (MT Honour 25) کو 21 اپریل کو صومالیہ کے ساحل کے قریب یرغمال بنایا تھا۔
پنٹ لینڈ کی سیکیورٹی فورسز نے 29 ستمبر کو جہاز چھڑانے کے لیے آپریشن شروع کیا۔ اسی دوران قزاقوں کی فائرنگ سے کاشف عمر سمیت 3 پاکستانی یرغمالی جاں بحق ہوگئے۔
ساڑھے پانچ ماہ کی طویل قید کے دوران پاکستانی یرغمالیوں کو خوراک، ادویات اور پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔