سعودی عرب نے فیفا ورلڈکپ 2034 کے اہم ’نیوم اسٹیڈیم‘ کا منصوبہ روک دیا
سعودی عرب نے 2034 فیفا ورلڈکپ کے لیے بنائے جانے والے اپنے سب سے منفرد منصوبوں میں شامل نیوم اسٹیڈیم کی تعمیر غیر معینہ مدت کے لیے روک دی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اس معاملے سے واقف دو ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ نیوم کے بڑے منصوبے ’دی لائن‘ میں تاخیر اور اس کے حجم میں کمی کے بعد سامنے آیا ہے۔
نیوم اسٹیڈیم کو ’دی لائن‘ نامی تقریباً 160 کلومیٹر طویل مستقبل کے شہر میں بلند مقام پر تعمیر کیا جانا تھا۔
اس منصوبے کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 کا اہم حصہ قرار دیا گیا تھا، جس کا مقصد معیشت کو تیل پر انحصار سے نکال کر مختلف شعبوں میں وسعت دینا ہے۔
تعمیراتی منصوبوں پر نظر رکھنے والے ادارے ’میڈ پروجیکٹس‘کے مطابق 46 ہزار نشستوں والے نیوم اسٹیڈیم کی متوقع لاگت تقریباً 2.5 ارب ڈالر تھی اور اسے فی الحال ’آن ہولڈ‘ قرار دیا گیا ہے۔ اس کی تکمیل کی کوئی حتمی تاریخ بھی مقرر نہیں کی گئی۔
سعودی عرب 2034 ورلڈکپ کے لیے پانچ شہروں میں 15 اسٹیڈیمز کی تعمیر یا اپ گریڈیشن کے ساتھ متعدد تربیتی مراکز بھی تیار کر رہا ہے۔
ان منصوبوں کی مجموعی مالیت تقریباً 22.7 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق خطے میں جاری جنگی صورتحال، بنیادی ڈھانچے کو درپیش خطرات اور ملکی بجٹ پر دباؤ نے بھی بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مشکلات بڑھا دی ہیں۔
تاہم سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ کی تیاریوں میں اہم پیش رفت جاری ہے۔