ہمارے خلاف کارروائی کیلئے سرزمین استعمال نہ ہونے دیں، ایران کی خلیجی ممالک کو سخت وارننگ
تہران: ایران نے بحرین سمیت خطے کے دیگر ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین، فوجی اڈے یا فضائی حدود ایران کے خلاف کسی بھی حملے کے لیے استعمال نہ ہونے دیں، بصورت دیگر تہران کی جانب سے جواب دیا جائے گا۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق یہ انتباہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی میں ایران کے مستقل مشن کے دوسرے سیکریٹری علی کریمی مقام نے دیا۔
علی کریمی مقام نے بحرین کے نمائندے کی جانب سے انسانی حقوق سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بحرین نے ان حالات اور واقعات کے پس منظر کو نظر انداز کیا ہے جن کے نتیجے میں موجودہ صورتحال پیدا ہوئی۔
ایرانی سفارت کار نے بحرین کے اس مؤقف کو بھی مسترد کیا کہ وہ موجودہ صورتحال میں متاثرہ فریق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بحرین نے ایران کے خلاف مبینہ غیر قانونی امریکی جنگ کے لیے اپنی سرزمین، فوجی اڈے اور فضائی حدود فراہم کیں۔
انہوں نے کہا کہ جو ملک اپنے ہمسایہ ملک کے خلاف کسی غیر قانونی جنگ کے لیے اپنی سرزمین اور دیگر سہولیات فراہم کرے، اسے بعد میں اس کے ممکنہ نتائج پر حیرت کا اظہار نہیں کرنا چاہیے۔
Iran warns Bahrain, regional states against attacks from their territoryhttps://t.co/zjyKDHMR6h pic.twitter.com/48z7WfHtET
— IRNA News Agency ☫ (@IrnaEnglish) October 6, 2026
علی کریمی مقام نے واضح کیا کہ ایران ان ممالک کو دوبارہ خبردار کر رہا ہے کہ ان کی سرزمین یا فضائی حدود کو ایران کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے۔ ان کے مطابق اگر ایسے حملوں کی اجازت دوبارہ دی گئی تو ایران اس کا جواب دے گا۔
ایران کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث خلیجی ممالک کی سلامتی اور ان کے فوجی اڈوں کے ممکنہ استعمال پر بھی تشویش پائی جاتی ہے۔