کراچی: گلشن اقبال میں کارروائی کے دوران ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد

بین الصوبائی منشیات نیٹ ورک کا اہم کارندہ انعام الرحمن گرفتار

کراچی:

نیو ٹاؤن پولیس نے گلشنِ اقبال میں کارروائی کرتے ہوئے ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔

تفصیلات کے مطابق نیوٹاؤن پولیس نے خفیہ اطلاع پرگلشن اقبال بلاک 14 کے قریب کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات نیٹ ورک کے اہم کارندے انعام الرحمن ولد عبد الصمد کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 3 گاڑیوں میں 81 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی منشیات چرس برآمد کرلی۔

ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر احمد شیخ کے مطابق  برآمد کی جانے والی منشیات کی مالیت ڈیڑھ کروڑ سے زائد ہے، کارروائی کے دوران پولیس نے منشیات کی سپلائی میں استعمال ہونے والی تینوں گاڑیوں کو بھی تحویل میں لے لیا۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق گرفتار ملزم خیبر پختونخوا سے کراچی میں منشیات سپلائی کرتا تھا، ملزم کے خلاف نیو ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، گرفتار ملزم کا سابقہ ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے جبکہ دیگر فرار ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

Load Next Story