ایکٹیو ٹیکس پیئر لسٹ میں نام شامل کرنے کا نیا طریقہ کار متعارف
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نےایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ میں نام شامل کرنے کا نیا طریقہ کار متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کو ایف بی آر کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق مستقبل میں ایکٹیو ٹیکس پیئر لسٹ میں نام شام کرنے کے نئے طریقہ کار کے تحت مقررہ یا توسیع شدہ تاریخ گزرنے کے بعد تازہ ترین ٹیکس سال کا انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والے فرد کو مخصوص شرائط پوری کرنے پر سرچارج کی ادائیگی کے بغیر ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شامل ہوسکیں گے۔
ایف بی آر کے مطابق اس حوالے سے انکم ٹیکس رولز میں ترامیم کیا جارہی ہیں۔ ایکسپریس نیوز کو دستیاب دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انکم ٹیکس رولز 2002 میں مزید ترامیم کا مسودہ جاری کردیا ہے۔
مسودے کے تحت مقررہ یا توسیع شدہ تاریخ گزرنے کے بعد تازہ ترین ٹیکس سال کا انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والے فرد کو مخصوص شرائط پوری کرنے پر سرچارج کی ادائیگی کے بغیر ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ایف بی آر نے مجوزہ ترامیم پر اعتراضات اور تجاویز طلب کرلی ہیں، جو سرکاری گزٹ میں نوٹیفکیشن کی اشاعت کے سات روز کے اندر ایف بی آر کو بھجوائی جاسکیں گی۔
مجوزہ ترمیم کے مطابق اگر کوئی فرد تازہ ترین ٹیکس سال کا انکم ٹیکس ریٹرن مقررہ یا توسیع شدہ تاریخ کے بعد جمع کراتا ہے اور آئی رس (آئی آر آئی ایس) کے ذریعے انکم ٹیکس آرڈیننس کی دفعہ 182A کی ذیلی دفعہ (3) کے تحت مقررہ فارم اے ٹی ایل میں حلفیہ یقین دہانی جمع کراتا ہے تو اس کا نام سرچارج ادا کیے بغیر ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شامل کیا جائے گا۔