کراچی، شہر میں ایک کروڑ 30 کی ڈکیتی پر آئی جی سندھ نے رپورٹ طلب کر لی
فوٹو: فائل
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے عزیز بھٹی تھانے کی حدود نیپا پل کے قریب ایک کروڑ 30 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شہری کو زخمی کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کراچی پولیس چیف آزاد خان اور ڈی آئی جی ایسٹ زون سے رپورٹ طلب کرلی۔
ترجمان سندھ پولیس کے جاری اعلامیئے کے مطابق آئی جی سندھ نے ہدایت جاری کی ہیں کہ ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں اور واقعے کی تفتیش میں پیش رفت سے مسلسل آگاہ اور ملزمان کی گرفتاری تک کیس کی نگرانی اعلیٰ سطح پر جاری رکھی جائے۔
جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز ، تکنیکی شواہد اور دیگر دستیاب ذرائع کی مدد سے ملزمان کی شناخت یقینی بنائی جائے اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
واردات کے حوالے سے ایس ایچ او عزیز بھٹی عدنان بخاری نے بتایا کہ واردات میں زخمی ہونے کا نام زوہب ہے جبکہ زخمی نے جو جائے وقوعہ بتایا ہے وہ گلشن اقبال تھانے کی حدود میں آتا ہے۔
لٹنے والی رقم سنار رفیق کی تھی جسے اس کا بھتیجا زوہب شاپر میں رکھ کر موٹر سائیکل پر گلشن اقبال لیجا رہا تھا۔
واضح رہے پیر کو بھی شہر کے مختلف علاقوں ڈاکوؤں نے مجموعی طور پر ایک کرور 40 لاکھ روپے لوٹے تھے جس میں طارق روڈ سے 78 لاکھ جبکہ عوامی کالونی کورنگی 5 نمبر سے 62 لاکھ روپے لوٹے تھے ۔