کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 3 افراد زخمی
فوٹو: فائل
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی سنگر چورنگی دارالعلوم کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے چھیپا کے رضا کاروں نے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مضروب کی شناخت 45 سالہ محمد حسن کے نام سے کی گئی جسے ٹانگ پر گولی لگی تھی جبکہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پیش آیا ہے۔
پاک کالونی کے علاقے پرانا گولیمار بینظیر پارک کے قریب فائرنگ سے 30 سالہ بہادر نامی شخص زخمی ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں واقعہ زاتی جھگڑے کے دوران کی گئی فائرنگ سے پیش آیا ہے جس کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے۔
دریں اثنا کیماڑی کے علاقے میں فائرنگ سے 27 سالہ وقاص زخمی ہوگیا ، جیکسن پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے پیش آیا ہے، نوجوان کو سول اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔