ون ڈے ورلڈکپ 2027: پاک بھارت میچ کا جادو سرچڑھ کربولنے لگا

پاک بھارت میچ کے لیے اب تک ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد ٹکٹ درخواستیں جمع ہوچکی ہیں

کرکٹ ورلڈکپ2027 میں پاک بھارت میچ کا جادو سرچڑھ کربولنے لگا جس کے لیے سب سے زیادہ ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد ٹکٹ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈکپ کے ٹکٹس کی مانگ نے ابتدائی مرحلے ہی میں تمام توقعات کو پیچھے چھوڑ دیا، صرف تین روز سے بھی کم عرصے میں ٹکٹ بیلٹ کے لیے درخواستوں کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں ہونے والے ورلڈ کپ کے مختلف میچز کے لیے 11 لاکھ سے زائد ٹکٹس کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔

ٹکٹس کے حصول کے لیے سب سے زیادہ جوش وخروش پاکستان اور بھارت میں انتہائی متوقع مقابلے کے حوالے سے دیکھنے میں آرہا ہے۔

اس میچ کے لیے اب تک ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد ٹکٹ درخواستیں جمع ہوچکی ہیں۔

جنوبی افریقا اور بھارت کے میچ کے لیے 92 ہزار سے زائد جبکہ بھارت اور آسٹریلیا کے مقابلے کے لیے 86 ہزار سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان 7 نومبر کو شیڈول پری سیڈڈ سپر 7 میچ بھی شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کررہا ہے جس کے لیے تقریبا 78 ہزار درخواستیں جمع ہوچکی ہیں۔

دوسری جانب 21 نومبر کو کھیلے جانے والے ورلڈ کپ فائنل کی مقبولیت بھی نمایاں ہے جس کے لیے تقریباً 69 ہزار ٹکٹ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا کا کہنا ہے کہ ٹکٹ بیلٹ کھلنے کے صرف 48 گھنٹوں سے زائد وقت میں 10 لاکھ درخواستیں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ کرکٹ ورلڈکپ کی مقبولیت اور عالمی کشش کس قدر بڑھ چکی ہے۔

ان کے مطابق آئی سی سی کے بڑے ایونٹس اب صرف کھیلوں کے مقابلے نہیں رہے بلکہ مختلف ثقافتوں اور خطوں کے لوگوں کو جوڑنے والے عالمی میلے بن چکے ہیں۔

آرگنائزنگ کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو قونڈیسا نگونیا نے بھی ٹکٹوں کی غیر معمولی مانگ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 10 لاکھ سے زائد ٹکٹوں کے لیے درخواستیں عالمی شائقین کی اس ٹورنامنٹ میں شرکت کی بے مثال خواہش کا اظہار ہیں۔

ان کے مطابق جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا دنیا بھر کے شائقین کی میزبانی کے لیے تیار ہیں اور یہ ورلڈ کپ میدان کے اندر اور باہر ایک یادگار تجربہ ثابت ہوگا۔

ٹکٹ بیلٹ میں رجسٹریشن کا عمل 21 نومبر کو رات 11 بج کر 59 منٹ، سینٹرل افریقن ٹائم تک جاری رہے گا۔

شائقین کے لیے بیلٹ میں شامل ہونا مکمل طور پر فری ہے، رجسٹریشن کے وقت کسی قسم کی ادائیگی نہیں کرنا ہوگی، ہر شخص ہر میچ کے لیے ایک مرتبہ درخواست دے سکتا ہے جبکہ ایک سے زائد میچز کے لیے بھی درخواست دینا ممکن ہے۔

ٹکٹ بیلٹ پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر نہیں ہوگا، اس لیے رجسٹریشن کے آغاز میں درخواست دینے یا بعد میں شامل ہونے سے کامیابی کے امکانات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

اگر کسی میچ کے لیے دستیاب ٹکٹوں سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں تو کامیاب درخواست گزاروں کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔

کامیاب اور ناکام امیدواروں کو رجسٹریشن کے دوران فراہم کیے گئے ای میل ایڈریس پر اطلاع دی جائے گی۔

Load Next Story