یمن کے عدن ایئرپورٹ پر حوثیوں کا بڑا حملہ، 2 بیلسٹک میزائل داغ دیے گئے

سکیورٹی حکام کے مطابق صورتحال اب معمول پر ہے اور علاقے میں سکیورٹی فورسز کو اعلیٰ ترین سطح پر الرٹ کردیا گیا ہے

عدن: جنوبی یمن میں حوثی گروپ نے عدن انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو دو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

مقامی سکیورٹی حکام کے مطابق دونوں میزائل حوثی گروپ کی جانب سے داغے گئے اور عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔ عدن کے سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ حملے کے بعد تاحال کسی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

سکیورٹی حکام کے مطابق صورتحال اب معمول پر ہے اور علاقے میں سکیورٹی فورسز کو اعلیٰ ترین سطح پر الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ مزید حملے سے نمٹا جاسکے۔

مقامی یمنی میڈیا نے حملے کے وقت کی ویڈیوز بھی نشر کی ہیں، جن میں علاقے میں دھماکے ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم حملے سے ایئرپورٹ کی عمارت یا تنصیبات کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آئیں۔

عدن ایئرپورٹ پر یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب یمن میں لڑائی میں ایک بار پھر شدت آرہی ہے اور یمنی حکومتی فورسز ’’آپریشن ڈان آف یمن‘‘ کے تحت حوثیوں کے خلاف کارروائیاں آگے بڑھا رہی ہیں۔

حالیہ کشیدگی کے باعث جنوبی یمن کے اہم علاقوں میں سکیورٹی صورتحال مزید حساس ہوگئی ہے، جبکہ عدن شہر اور اس کے اہم شہری و ہوابازی کے مراکز کو ممکنہ مزید حملوں کے حوالے سے ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔

Load Next Story