ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں لڑکی سے ہراسانی، ہنگامہ آرائی
ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال اوجھا کیمپس میں ایم آر آئی کے دوران لڑکی سے مبینہ ہراسانی کے الزام پر ہنگامہ آرائی اور تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ واقعے کے بعد پولیس نے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ اسپتال انتظامیہ نے چیف آپریٹنگ آفیسر بابر خان پر حملے کا مقدمہ درج کرا دیا، دوسری جانب مبینہ ہراسانی کے الزام میں متعلقہ ایم آر آئی ٹیکنیشن کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب لڑکی ایم آر آئی کرانے کے لیے ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال اوجھا کیمپس آئی تھی جہاں اسکین کے دوران مبینہ ہراسانی کی شکایت سامنے آنے پر اہل خانہ نے اسپتال انتظامیہ سے تلخ کلامی کی، شکایت سننے کے لیے چیف آپریٹنگ آفیسر بابر خان بھی موقع پر موجود تھے تاہم معاملہ شدت اختیار کرگیا اور مشتعل افراد نے اسپتال کے افسران، عملے اور سیکیورٹی گارڈ سے ہاتھا پائی شروع کردی جس کے نتیجے میں ڈاؤ کے سی او او بابر شدید زخمی ہوگئے۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ملوث چند افراد کو حراست میں لے لیا جنہوں نے سی او او کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق بابر خان پر حملے کا مقدمہ سچل تھانے میں درج کیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
دوسری جانب اسپتال انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پولیس نے مبینہ ہراسانی کے الزام کی تحقیقات کے لیے متعلقہ ٹیکنیشن کو بھی حراست میں لے لیا ہے شفاف تحقیقات ہونی چاہیے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد اصل صورتحال واضح ہوگی۔