سابق پاکستانی انڈر 19 کپتان حسن خان امریکی اسکواڈ میں شامل
پاکستان انڈر 19 کے سابق کپتان حسن خان کو متحدہ عرب امارات اور نمیبیا کے خلاف جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کی سہ فریقی سیریز کے لیے امریکی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔
حسن خان کو انجری کے شکار علی خان کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔ 2018 انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کرنے کے بعد یہ حسن خان کا پہلا بین الاقوامی موقع ہوگا۔ اس ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی اور موسیٰ خان بھی شامل تھے جو بعد میں پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ کھیلے۔
کراچی میں پیدا ہونے والے حسن خان نے 2017 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ پی ایس ایل سے کرکٹ میں قدم رکھا۔ بعد ازاں امریکا منتقل ہوگئے اور میجر لیگ کرکٹ میں سان فرانسسکو یونیکورنز کی جانب سے کھیلتے ہوئے آل راؤنڈ کارکردگی دکھائی۔
گزشتہ تین ایم ایل سی سیزنز میں حسن خان نے 32 میچز میں 609 رنز بنائے جبکہ 24 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ وہ بگ بیش لیگ اور کیریبین پریمیئر لیگ سمیت مختلف فرنچائز لیگز میں بھی کھیل چکے ہیں۔
حسن خان نے 2026 میں حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے پی ایس ایل میں بھی واپسی کی اور ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 8 اننگز میں 139 رنز بنانے کے ساتھ 6 وکٹیں حاصل کیں۔