سعودی عرب میں پاکستانی دستے تاریخی معاہدہوں کا تسلسل ہے، مراد علی شاہ

پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی تعلقات پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان خوش آئند ہے، وزیراعلیٰ سندھ

فوٹو: فائل

سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے سعودی عرب میں پاکستان کے فوجی دستوں کی موجودگی کے بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدوں کا تسلسل ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی تعلقات پر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس پی آر کا بیان خوش آئند ہے، سعودی عرب میں پاکستانی دستوں کی موجودگی تاریخی دفاعی معاہدوں کا تسلسل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک-سعودی تعلقات وقت کی ہر کسوٹی پر پورا اترے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ دلوں کے رشتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مکہ الائنس کے تحت پاکستانی دستوں کی موجودگی مسلم امہ کے اتحاد کی علامت ہے اور ترجمان افواج پاکستان نے دوطرفہ دفاعی امور اور تاریخی حقائق پر بہترین روشنی ڈالی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری پاکستان کے لیے ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے، سندھ کے عوام اور حکومت پاک-سعودی تاریخی اور تزویراتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی اور سلامتی پاکستان کی اپنی سلامتی سے جڑی ہے۔

Load Next Story