جانیے باڈی مسٹ، ڈیوڈورنٹ اور پرفیوم میں کیا فرق ہے
خوشبو لگانا تقریباً ہر شخص کی روزمرہ زندگی کا حصہ ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ باڈی مسٹ، ڈیوڈورنٹ اور پرفیوم ایک جیسے نہیں ہوتے؟
اکثر لوگ ان تینوں کو ایک ہی مقصد کیلئے استعمال کرتے ہیں، حالانکہ ان کے اثرات اور خوشبو برقرار رہنے کا دورانیہ مختلف ہوتا ہے۔
باڈی مسٹ: ہلکی خوشبو اور تازگی کیلئے
باڈی مسٹ میں خوشبودار اجزا کی مقدار نسبتاً کم ہوتی ہے، جس کی وجہ سے اس کی خوشبو ہلکی اور خوشگوار ہوتی ہے۔
یہ نہانے کے بعد یا روزمرہ استعمال کیلئے مناسب ہے، تاہم اس کی خوشبو جلد مدھم پڑ سکتی ہے، اس لیے دن میں دوبارہ لگانے کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔
ڈیوڈورنٹ: جسم کی بدبو سے نجات
ڈیوڈورنٹ کا بنیادی کام خوشبو پھیلانے کے بجائے جسم کی ناگوار بو کو کنٹرول کرنا ہے۔
دراصل پسینہ جلد پر موجود بیکٹیریا کے ساتھ مل کر بدبو پیدا کرتا ہے، جبکہ ڈیوڈورنٹ اس بو کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
البتہ ڈیوڈورنٹ اور اینٹی پرسپائرنٹ میں فرق ہے۔ ڈیوڈورنٹ بدبو کو کنٹرول کرتا ہے، جبکہ اینٹی پرسپائرنٹ پسینہ کم کرنے کیلئے استعمال ہوتا ہے۔
پرفیوم: دیرپا خوشبو کیلئے
اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی خوشبو کئی گھنٹوں تک برقرار رہے تو پرفیوم زیادہ مناسب انتخاب ہو سکتا ہے۔
اس میں باڈی مسٹ کے مقابلے میں خوشبودار اجزا کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، اسی لیے اس کی مہک عموماً زیادہ دیر تک رہتی ہے۔
خوشبو کا دورانیہ پرفیوم کی قسم، جلد کی نوعیت، موسم اور استعمال کی مقدار پر بھی منحصر ہوتا ہے۔
خوشبو زیادہ دیر تک برقرار رکھنے کے آسان طریقے
خوشبو لگانے سے پہلے جلد صاف اور خشک رکھیں۔ فرگرنس فری موئسچرائزر استعمال کرنے سے بھی خوشبو زیادہ دیر تک برقرار رہنے میں مدد مل سکتی ہے۔
پرفیوم کو کلائی، گردن یا کانوں کے پیچھے لگائیں اور اسپرے کرنے کے بعد اسے رگڑنے کے بجائے خود خشک ہونے دیں۔
کپڑوں پر پرفیوم لگاتے وقت احتیاط کریں کیونکہ بعض خوشبوئیں داغ چھوڑ سکتی ہیں۔