کراچی؛ رنچھوڑ لائن میں عمارت کی دیوار گرنے سے ایک شہری جاں بحق، دو زخمی
فوٹو: ایکسپریس نیوز
کراچی کے علاقے رنچھوڑ لائن نارائن پورہ میں عمارت کی تیسری منزل پر سیڑھیوں سے ملحقہ دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق رنچھوڑ لائن میں پیش آنے والے واقعے کی اطلاع ملتے ہی چھیپا، ایدھی اور فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور ملبہ گرنے سے جاں بحق شخص کی لاش اور زخمیوں کو سول اسپتال پہنچایا۔
چھیپا حکام نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 60 سالہ نرسی رانا کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی ہونے والے 30 سالہ اجےکشور اور 25 سالہ شمع شنکر کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حکام نے بتایا کہ واقعے کے بعد علاقہ مکینوں کی بھی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی اور عیدگاہ پولیس کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور واقعے سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد متوفی کی لاش ورثا کے حوالے کر دی۔