عثمان خواجہ کی کتاب میں بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے کیا راز کھلیں گے؟ کمنز کا انکشاف
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ انہیں سابق ساتھی کھلاڑی عثمان خواجہ کی آنے والی خودنوشت سے 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق نئے انکشافات کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ نے حال ہی میں کمنز کو اپنی کتاب کی اشاعت سے آگاہ کیا تھا جو نومبر میں منظرعام پر آئے گی۔
آسٹریلیا جمعے سے ڈربن میں جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آغاز کرے گا۔
یہ 2018 میں کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران سامنے آنے والے سینڈ پیپر گیٹ تنازع کے بعد آسٹریلوی ٹیم کا جنوبی افریقا میں پہلا ٹیسٹ دورہ ہے۔
اس اسکینڈل میں اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور بلے باز کیمرون بینکرافٹ کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بینکرافٹ کو گیند پر سینڈ پیپر رگڑتے ہوئے پکڑا گیا تھا جبکہ اسمتھ نے بعد میں اعتراف کیا تھا کہ اس منصوبے میں ٹیم کا قیادتی گروپ شامل تھا۔
پیٹ کمنز سمیت مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور نیتھن لائن نے مسلسل اس بات کی تردید کی ہے کہ انہیں گیند کی حالت تبدیل کرنے کے منصوبے کا پہلے سے علم تھا۔
چاروں بولرز نے 2021 میں مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اس معاملے کا علم ٹی وی اسکرین پر تصاویر دیکھنے کے بعد ہوا۔
کمنز کے مطابق خواجہ نے چند ہفتے قبل انہیں فون کرکے کتاب کی اشاعت کے بارے میں بتایا تھا۔
آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ خواجہ کو اپنی کہانی بیان کرنے کا پورا حق ہے اور اس معاملے کی تحقیقات کے دوران تمام سوالات کے جواب پہلے ہی دیے جا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم ماضی سے آگے بڑھ چکی ہے اور ان کی توجہ کپتانی پر مرکوز ہے۔